امریکا ایران کشیدگی ،تیل کی قیمتیں3فیصد بڑھ گئیں
لندن (اے ایف پی) عالمی منڈیوں میں منگل کو تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا جبکہ سٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان رہا ۔
امریکا کی جانب سے ایران پر تازہ فوجی کارروائیوں کے بعد آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق معاہدے کی امیدیں کمزور پڑ گئی ہیں، جس سے عالمی سرمایہ کاروں میں بے یقینی بڑھ گئی ہے ۔ برینٹ کروڈ آئل کی قیمت تقریباً تین فیصد بڑھ کر 100 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہے ۔ تاہم ڈالر مضبوط ہوا ہے جبکہ اسٹاک مارکیٹس میں سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔یورپی مارکیٹوں میں بعض حصص میں کمی جبکہ لندن میں معمولی بہتری دیکھی گئی۔ برطانوی توانائی کمپنی بی پی کے شیئرز میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ انتظامی تبدیلیاں اور اندرونی تنازعات بتائے جا رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق اگر ایران اور امریکا کے درمیان معاہدہ نہ ہوا تو تیل کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں، جس سے عالمی مہنگائی اور معاشی دباؤ میں اضافہ متوقع ہے ۔