وائٹ بال آسٹریلوی پیس اٹیک آئی پی ایل میں مصروف

 وائٹ بال آسٹریلوی پیس اٹیک آئی پی ایل میں مصروف

کمنز، ہیزل ووڈ،سٹارک کا فیصلہ میڈیکل سٹاف کی مشاورت سے کیا ،کوچ

لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور بنگلادیش کے خلاف ون ڈے سیریز سے آسٹریلوی پیس اٹیک کی غیر موجودگی کی وجہ سامنے آگئی۔ آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے کہا ہے کہ پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور مچل سٹارک کی پاکستان اور بنگلادیش کے خلاف ون ڈے سیریز سے غیر موجودگی کو غلط انداز میں لیا جا رہا ہے ۔ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ تینوں فاسٹ بولرز کو 2027 ورلڈ کپ سے قبل مصروف شیڈول کے پیش نظر احتیاط سے مینج کیا جا رہا ہے ۔آسٹریلوی سکواڈ سے تینوں سٹار بولرز کی عدم شمولیت نے شائقین کو اس لیے زیادہ حیران کیا کیونکہ وہ آئی پی ایل میں کھیل رہے ہیں۔تاہم میکڈونلڈ نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ کھلاڑیوں کی مرضی نہیں بلکہ میڈیکل اور فٹنس سٹاف کی مشاورت سے کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2027 تک آسٹریلیا کو چار براعظموں میں 20 ٹیسٹ، 9 ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے ہیں، اس لیے سینئر فاسٹ بولرز کے ورک لوڈ کو متوازن رکھنا ضروری ہے ۔کوچ کے مطابق کھلاڑی کھیلنا چاہتے ہیں لیکن ٹیم مینجمنٹ ان کی فٹنس اور لمبے کیریئر کو مدنظر رکھ کر فیصلے کر رہی ہے ۔میکڈونلڈ نے مزید کہا کہ موجودہ وقفہ تینوں بولرز کی جسمانی بحالی اور ریڈ بال کرکٹ کی تیاری کے لیے انتہائی اہم ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں