کارپٹ مینو فیکچررز کا عالمی نمائش کیلئے فنڈز کے اجراء کا مطالبہ

کارپٹ مینو فیکچررز کا عالمی نمائش کیلئے فنڈز کے اجراء کا مطالبہ

غیر ملکی خریداروں سے باضابطہ رابطے شروع نہیں کئے جا سکے ، عتیق الرحمن

لاہور(آئی این پی )پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے رواں سال اکتوبر میں لاہور میں منعقد ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی 42ویں عالمی نمائش کے لیے فوری فنڈز کے اجراء کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ تاخیر کے باعث ابھی تک غیر ملکی خریداروں سے باضابطہ رابطے شروع نہیں کئے جا سکے ۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمن اور وائس چیئرمین ریاض احمد نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ فنڈز کا فوری اجرا ء یقینی بنایا جائے تاکہ غیر ملکی خریداروں کے لیے پرکشش ہاسپیٹلٹی پیکیج ترتیب دے کر انہیں پاکستان آنے کی دعوت دی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش اس صنعت کے لیے آکسیجن کی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ دنیا بھر سے آنے والے خریدار لاکھوں ڈالر کے معاہدے کرتے ہیں جس سے ملکی برآمدات اور صنعت دونوں کو تقویت ملتی ہے ۔میاں عتیق الرحمن اور ریاض احمد نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت پاکستان کی قدیم اور اہم برآمدی صنعتوں میں شامل ہے جو ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ کمانے کا ذریعہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں