غزہ ،لبنان:اسرائیلی فضائی حملے ،18افراد شہید،متعدد زخمی

غزہ ،لبنان:اسرائیلی فضائی حملے ،18افراد شہید،متعدد زخمی

اسرائیل کا نبطیہ شہر خالی کرنیکاحکم ، حزب اللہ ٹھکانوں پر مزید حملوں کا اعلان اسرائیلی فوج نے اپنے سابق اعلیٰ قانونی افسر کو باضابطہ طور پر برطرف کر دیا

غزہ،بیروت(اے ایف پی)غزہ اور لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 18افراد شہید،متعدد زخمی ہو گئے ۔غزہ میں المغازی کے مشرقی علاقے میں ایک حملے میں پانچ افراد  جان سے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے ۔ خان یونس میں بھی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جہاں دو افراد شہید ہوئے ۔ لبنان کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 11 افراد شہید ہوگئے ، جن میں دو بچیاں اور ایک خاتون شامل ہیں۔حملے میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں ایک بچہ شامل ہے ۔ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔اسرائیلی فوج نے پہلی بار جنوبی لبنان کے شہر نبطیہ کے رہائشیوں کو فوری انخلا کی ہدایت جاری کر دی۔ اسرائیل نے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر مزید شدید حملوں کا اعلان کیا ہے ۔ اسرائیلی فوج کے عربی ترجمان نے شہریوں کو زہرانی دریا کے شمال کی جانب منتقل ہونے کا کہا ہے ۔اسرائیل میں استغاثہ نے نیتن یاہو کے سابق چیف آف اسٹاف تزاحی برورمین کے خلاف خفیہ معلومات لیک کرنے کیس میں فرد جرم عائد کرنے پر غور شروع کر دیا ہے ۔علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے اپنے سابق اعلیٰ قانونی افسر کو باضابطہ طور پر برطرف کر دیا ہے ، جو ایک متنازع ویڈیو لیک سکینڈل کے بعد مستعفی ہو گئی تھیں۔یہ معاملہ 2024 میں سدی تیمن فوجی بیس سے سامنے آنے والی ایک ویڈیو سے جڑا ہے جس میں فلسطینی قیدیوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی دکھائی گئی تھی۔ اس واقعے نے اسرائیل کے اندر اور عالمی سطح پر شدید ردعمل پیدا کیا تھا۔ فوج کے مطابق طویل تفتیش اور سنگین الزامات کے پیش نظر برطرفی کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کیس نے اسرائیلی فوجی نظام اور انسانی حقوق کے حوالے سے نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں