تیل گیس شعبے میں مصنوعی ذہانت، امریکی کمپنی سے مفاہمت
مقصد آپریشنز کوجدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زیادہ مؤثر، قابلِ اعتماد بنانا، ایم ڈی شراکت داری سے جدید ٹیکنالوجی کے عملی استعمال کو فروغ ملے گا، پی پی ایل
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ نے تیل و گیس کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی فولیو3 کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں، معاہدے کا مقصد اپ اسٹریم آئل اینڈ گیس آپریشنز کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زیادہ مؤثر اور قابلِ اعتماد بنانا ہے ۔ پی پی ایل ہیڈ آفس میں منعقدہ تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد خالد رحمان اور فولیو3 کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عدنان لوائی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے ڈرلنگ آپریشنز کی بہتری، تیل و گیس کی تلاش، مشینری کی پیشگی خرابیوں کی نشاندہی اور مختلف کاروباری امور میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کے امکانات کا جائزہ لیں گے ، پی پی ایل کے مطابق اس شراکت داری سے جدید ٹیکنالوجی کے عملی استعمال کو فروغ ملے گا، آپریشنل کارکردگی بہتر ہوگی اور توانائی کے شعبے میں جدت طرازی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ، تاہم یہ اقدام ملک میں ایک زیادہ جدید، مؤثر اور پائیدار توانائی نظام کے قیام کے عزم کا حصہ ہے ۔