پائیدار ترقی کی جانب پیشرفت،ڈی آئی بی کانیا برانڈ لوگو متعارف
نئے لوگو میں منفرد ڈی آئی بی ورڈ مارک کے ساتھ گلوبس کی علامت شامل ری برانڈنگ ترقی کا سفر جاری رکھنے کا عزم ہے ، چیف ایگزیکٹو محمد علی گلفراز
کراچی (بزنس ڈیسک)دبئی اسلامک بینک (ڈی آئی بی) پاکستان نے ملک بھر میں اپنی متعدد برانچوں پر نیا عالمی لوگو متعارف کرا دیا ، جو پاکستان میں دو دہائیوں پر محیط خدمات کی تکمیل کے ساتھ ایک جرات مندانہ، مقصد پر مبنی اور مستقبل کی جانب پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے ۔ یہ تبدیلی بینک کے اس عزم کی مظہر ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کے ڈی آئی بی کی پچاس سالہ اسلامی بینکاری کی کامیاب روایت کو آگے بڑھائے گا۔نئے لوگو میں منفرد "ڈی آئی بی" ورڈ مارک کے ساتھ "گلوبس" کی علامت شامل کی گئی ہے ، جو عالمی اسلامی بینکاری کے جدید تصور کی ترجمانی کرتا ہے ۔ ڈی آئی بی پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد علی گلفراز نے ری برانڈنگ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ری برانڈنگ ہمارے اس یقین پر مبنی ہے کہ ترقی کا سفر کبھی نہیں رکتا۔ یہ ترقی، استقامت اور مسلسل آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار ہے ، جو ڈی آئی بی پاکستان کی نئی اسٹریٹجک سمت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے ۔ یہ تبدیلی ملک بھر میں ہماری موجودگی کو مزید مستحکم اور وسعت دینے کے عزم کی عکاس ہے ۔ ٹیکنالوجی اور جدت میں مسلسل سرمایہ کاری کے ذریعے ہم مالی شمولیت کو فروغ دینے اور ان کمیونٹیز کی خوشحالی میں کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں جن کی ہم خدمت کرتے ہیں۔ نیا لوگو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک بھر کی متعدد برانچوں پر نمایاں طور پر آویزاں کیا جاچکا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ بینک نے اپنی موبائل بینکنگ ایپ کو بھی نئے انداز میں متعارف کرایا ہے ، جو صارفین کو مزید جدید، آسان ڈیجیٹل بینکاری فراہم کرے گا۔