لاہور میں آئی ایف ٹیک اور پلاسٹی اینڈ پیک نمائش کا آغاز
صنعتی نمائشیں ٹیکنالوجی کی منتقلی میں اہم کرداراداکرتیں، فہیم الرحمن سیگل
لاہور(بزنس ڈیسک)آئی ایف ٹیک پاکستان اور پلاسٹی اینڈ پیک پاکستان 2026 کے 21ویں ایڈیشن کا ایکسپو سینٹر لاہور میں آغاز ہوگیا۔نمائشوں کا افتتاح لاہور چیمبرکے صدرفہیم الرحمٰن سیگل نے بطور مہمانِ خصوصی کیا۔ اس موقع پر فلیکسیبل پیکیجنگ ایسوسی ایشن آف کنورٹرز آف پاکستان کے چیئرمین عمران رحمٰن پیگاسس کنسلٹنسی (پرائیویٹ) لمیٹڈکے منیجنگ ڈائریکٹر عامر خانزادہ، بین الاقوامی مندوبین اور نمائش کنندگان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر فہیم الرحمٰن سیگل نے کہا کہ صنعتی نمائشیں ٹیکنالوجی کی منتقلی، سرمایہ کاری کے فروغ، جدت طرازی اور بین الاقوامی تجارت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے مینوفیکچرنگ اور فوڈ پروسیسنگ شعبوں کو قومی معیشت اور برآمدات میں اضافے کا اہم محرک قرار دیا۔ عمران رحمٰن نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش مقامی صنعت کو عالمی ٹیکنالوجی رہنماؤں سے جوڑنے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔