کئی علاقوں میں بارش ، مختلف حادثات میں 5افراد جاں بحق
اسلام آباد ،راولپنڈی ،فیصل آباد میں گرمی کا زورٹوٹ گیا،آج بھی امکان پختونخوا میں آسمانی بجلی گرنے سے 3افراد، دیوار گرنے سے 2بچے چل بسے
لاہور،کوہاٹ،ہنگو(آئی این پی،این این آئی،آن لائن)ملک کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش، پختونخوا میں آسمانی بجلی گرنے اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 5افراد جاں بحق، 4زخمی ہو گئے ، محکمہ موسمیات نے آج بھی بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے ،گزشتہ روز اسلام آباد ، راولپنڈی ،فیصل آبادسمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ادھر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ اور گردونواح میں شدید آندھی اور طوفانی ہواؤں کے نتیجے میں ایک دیوار اچانک منہدم ہوگئی جس کے ملبے تلے دب کر 2 کمسن بچیاں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔ضلع ہنگو میں تھانہ کلایا کے علاقے میروبک میں قبر کھودنے میں مصروف افراد پر اچانک آسمانی بجلی آن گری اور زد میں آکر 3 موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 4جھلس کر شدید زخمی ہو گئے ۔پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان کے حساس علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے ۔