اسٹاک ایکسچینج ،مندی،66 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں

 اسٹاک ایکسچینج ،مندی،66 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں

2475.46پوائنٹس کی کمی سے 100انڈیکس 178922.76 پر بند ہوا سرمایہ کاروں کے 251ارب ڈوب گئے ، کاروباری حجم 15.43فیصد کم رہا

کراچی(بزنس رپورٹر)امریکا ایران مذاکرات کی منسوخی سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کاروباری ہفتے کے آخری روز اتارچڑھاو کے بعد شدید مندی رہی جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس کی 1لاکھ 81ہزار، 1لاکھ 80ہزار اور 1لاکھ 79ہزار پوائنٹس کی 3سطح گرگئیں۔ مندی کے سبب 66.19فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 2کھرب 51ارب روپے سے زائد ڈوب گئے ۔ کاروبار کے ابتدائی دورانیے میں اچھے فنڈامینٹلز کے باعث تازہ سرمایہ کاری سے 787 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 1لاکھ 82ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی تھی لیکن مشرق وسطیٰ کشیدگی بڑھنے سے کیپیٹل مارکیٹ میں بے چینی پیدا ہوئی اور انوسٹرز کی جانب سے فوری طور پر حصص کی فروخت بڑھنے لگی جس کے نتیجے میں ایک موقع پر 3ہزار 562پوائنٹس کی مندی سے انڈیکس کی 1لاکھ 78ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 2475.46 پوائنٹس کی کمی سے 178922.76پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 789.54پوائنٹس کی کمی سے 53308.95پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 1356.82پوائنٹس کی کمی سے 107850.27 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 3789.62 پوائنٹس کی کمی سے 255193.17پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 15.43فیصد کم رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں