پاک،ایران تجارت 10ارب ڈالر تک بڑھائی جاسکتی،بزنس فورم
سیاسی خیرسگالی کو اب تجارت واقتصادی تعاون کی عملی شکل دی جانی چاہیے
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان بزنس فورم نے ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں پیدا ہونے والے نسبتاً پرامن ماحول کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی امن کو پاکستان اور ایران کے عوام کی مشترکہ معاشی خوشحالی میں تبدیل کیا جانا چاہیے ۔پاکستان بزنس فورم کے چیف آرگنائزر احمد جواد نے میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات اور علاقائی استحکام کے فروغ میں پاکستان کی تعمیری سفارتی کوششوں نے ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کیا ہے ۔ ان کے مطابق سیاسی خیرسگالی کو اب تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور باہمی اقتصادی تعاون کی عملی شکل دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر پالیسی اصلاحات، بہتر سرحدی انفرااسٹرکچر، بینکاری سہولیات اور نجی شعبے کے فعال تعاون سے پہلے مرحلے میں دوطرفہ تجارت کو 5 ارب ڈالر اور بعد ازاں 10 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھایا جا سکتا ہے۔