اسٹاک ایکسچینج :تیزی، ایک لاکھ 85ہزار کی حد بحال

اسٹاک ایکسچینج :تیزی، ایک لاکھ 85ہزار کی حد بحال

851پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 100انڈیکس 185372پر بند 132ارب روپے منافع، حجم 18فیصد کم،52فیصدحصص کی قیمتیں بڑھ گئیں

کراچی(بزنس رپورٹر)امریکا ایران مذاکرات کا آگے مثبت سمت بڑھنا اورخام تیل کی قیمتوں میں کمی سے اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہا جس سے 100 انڈیکس کی 1لاکھ 85ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔ تیزی کے سبب 52فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 1کھرب 32ارب روپے بڑھ گئے ۔تفصیلات کے مطابق نئے سرمایہ کاروں کی شمولیت بڑھنے اور لیکویڈٹی کی آمد سے کاروبار کے دونوں سیشنز میں تیزی رہی جس سے ایک موقع پر 1147پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 851.25 پوائنٹس کے اضافے سے 185372.21 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 321.30 پوائنٹس کے اضافے سے 55404.49 پوائنٹس،آل شیئرز انڈیکس 718.12 پوائنٹس کے اضافے سے 111991.85پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 1271.44 پوائنٹس کے اضافے سے 262585.95پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 18فیصد کم رہا۔گزشتہ روز 81کروڑ 56 لاکھ 51ہزار 307 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 494 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 256کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 211 میں کمی اور 27 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں