سانحہ باغبانپورہ: 10سالہ ابوبکر سپردخاک ،والدین نڈھال

سانحہ باغبانپورہ: 10سالہ ابوبکر سپردخاک ،والدین نڈھال

فضا سوگوار ،وزیرتعلیم سکندرحیات کا بچے کے گھر جاکر اظہار تعزیت،فاتحہ خوانی غیر رجسٹرڈ اکیڈمیز کیخلاف کریک ڈاؤن، لاہور میں 760 ادارے بند کرنیکا فیصلہ

لاہور (کرائم رپورٹر،خبرنگار،مانیٹرنگ ڈیسک) باغبانپورہ میں زیر تعمیر عمارت کا لینٹر گرنے سے جاں بحق ہونے والے 10سالہ ابوبکر کو مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ تدفین کے موقع پر فضا سوگوار رہی، والد امجد غم سے نڈھال ہو کر چیخ و پکار کرتے رہے جبکہ والدہ بار بار بے ہوش ہوتی رہیں، اہلِ محلہ بھی اس افسوسناک سانحے پر اشک بار رہے ۔پولیس کے مطابق واقعے کے مقدمے میں سکول کی مالکن نازیہ رضوان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ تعمیراتی ٹھیکیدار مفرور ہے اور اس کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سانحہ باغبانپورہ کے مقام کا دورہ کیا، متاثرہ عمارت کا معائنہ کیا اور جاں بحق بچے کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

انہوں نے بچے کو ملبے سے سب سے پہلے نکالنے والے ستھرا پنجاب کے اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کیلئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا، جاں بحق بچے کے والد سے گفتگو کے دوران وزیر تعلیم بھی آبدیدہ ہو گئے ۔دوسری طرف وزیر تعلیم نے اعلان کیا کہ آج سے لاہور میں تقریباً 760 غیر رجسٹرڈ اکیڈمیاں بند کی جا رہی ہیں جبکہ باغبانپورہ اور کاہنہ کے واقعات کے بعد پنجاب بھر میں غیر قانونی اکیڈمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے ، جس کا دائرہ شہری علاقوں سے بڑھا کر دیہی علاقوں تک وسیع کیا جا رہا ہے ۔ ان کے مطابق میڈیا کی نشاندہی، والدین کے تعاون اور ضلعی انتظامیہ کی کارروائیوں کے نتیجے میں سینکڑوں غیر رجسٹرڈ ٹیوشن سینٹرز پہلے ہی سیل کئے جا چکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں