مالی سال 2025-26 میں 43559نئی کمپنیاں رجسٹرڈ
رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 3لاکھ 1ہزار 615ہو گئی،ایس ای سی پی
کراچی(بزنس رپورٹر)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی)نے کہا ہے کہ مالی سال 2025-26ء کارپوریٹ سیکٹرکیلئے ایک تاریخی سال ثابت ہوا جس کے دوران ملک بھر میں 43 ہزار 559 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن عمل میں آئی جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہے ۔ نئی رجسٹریشن کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 1 ہزار 615 ہو گئی ہے ۔ایس ای سی پی کے مطابق صرف جون 2026ء کے دوران 4 ہزار 323 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جو ایک ہی مہینے میں رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں کی اب تک کی بلند ترین تعداد ہے ۔کمیشن کے مطابق یہ رجحان حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں، ڈیجیٹل رجسٹریشن نظام، ریگولیٹری اصلاحات اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے ۔ اعدادوشمار کے مطابق پنجاب نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں بدستور سرفہرست رہا جہاں مالی سال کے دوران 22 ہزار 364 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جبکہ سندھ میں 6 ہزار 691 اور خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 820 نئی کمپنیوں کا اندراج کیا گیا۔بلوچستان میں 759 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ گلگت بلتستان نے سب سے نمایاں کارکردگی دکھائی جہاں 65 فیصد اضافے کے ساتھ ایک ہزار 585 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ دوسری جانب کمیشن کے مطابق پبلک سیکٹر کمپنیوں کی رجسٹریشن میں بھی 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شعبہ وار جائزے کے مطابق سب سے زیادہ 41 فیصد نئی کمپنیاں ٹریڈنگ سیکٹر میں رجسٹر ہوئیں۔