اسٹاک ایکسچینج :تیزی کا زور ٹوٹ گیا،129ارب خسارہ

 اسٹاک ایکسچینج :تیزی کا زور ٹوٹ گیا،129ارب خسارہ

1,199 پوائنٹس کم ہوکرکے ایس ای 100انڈیکس 186,255 پر بند ہوا 498 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ،192میں اضافہ،271کی قیمتیں گرگئیں

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)میں 30 جون سے جاری تیزی کی لہر چھٹے روز ٹوٹ گئی ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے آغاز کے فوراً بعد ہی فروخت کا دباؤ غالب آگیا۔حصص بازار میں 98 کروڑ شیئرز کے سودے 45 ارب روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 129 ارب روپے کم ہو کر 20 ہزار 856 ارب روپے ہوگئی ہے ۔ کاروباری دن میں انڈیکس تقریباً 2 ہزار پوائنٹس کے بینڈ میں رہا جبکہ انڈیکس کی آج کم ترین سطح ایک لاکھ 86 ہزار 189 رہی جو سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کی عکاسی کرتا ہے ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1,199.14 پوائنٹس یا 0.64 فیصد کی کمی سے 186,255.55 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30اورآل شیئرزانڈیکس میں بھی مندی رہی ۔بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکورٹیز نے بتایا کہ علاقائی ایکویٹی مارکیٹوں میں کمزوری کے باعث سرمایہ کاروں کا ردعمل محتاط رہا۔ گزشتہ کئی سیشنز کے دوران 100 انڈیکس میں مسلسل ریکارڈ تیزی کے بعد اس محتاط رویے نے  شرکاء کو حالیہ پرافٹ ٹیکنگ پر راغب کیا۔ تاہم آج کی اس گراوٹ کے باوجود بہتر ہوتے ہوئے میکرو اکنامک اشاریوں اور اداروں کی جانب سے مسلسل دلچسپی کے باعث مارکیٹ کے مجموعی رجحان کو اب بھی سہارا حاصل ہے ۔مجموعی طور پر 498 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہواجن میں سے 192 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ،271میں کمی اور35 میں استحکا م رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں