ماموں کانجن، بھوآنہ میں مبینہ مقابلے، 3 ملزم ہلاک، 2 اہلکارزخمی
کلیانوالہ چوک میں پولیس چھاپے پرملزموں کی فائرنگ،جوابی کارروائی پر2 منشیات فروش مارے گئے کانسٹیبل شکیل اور مزمل زخمی ، امین پور کے قریب ملزم فتح شیرعرف پھتو ساتھیوں کی گولیوں کانشانہ بنا
ماموں کانجن،بھوآنہ (نمائندگان دنیا)تھانہ گڑھ کے علاقے اوربھوانہ میں مبینہ پولیس مقابلوں میں 2منشیات فروشوں سمیت 3ملزم ہلاک جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ گڑھ اپنی نفری کے ہمراہ اشتہاری ملزم اور منشیات فروشوں کی گرفتاری کے سلسلے میں کلیانوالہ چوک کے قریب موجود تھے کہ مخبر نے اطلاع دی کہ مبینہ منشیات فروش شفقت شاہ اپنے ساتھی وسیم اور دیگر افراد کے ہمراہ ایک مقام پر چارپائیوں پر بیٹھے ہوئے ہیں ،پولیس نے موقع پر چھاپہ ماراتو ملزموں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی مبینہ طور پر فائرنگ شروع کر دی، جس پر اہلکاروں نے اپنی حفاظت کے پیش نظر قریبی مکانوں کی آڑ لے کر جوابی فائرنگ کی۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران کانسٹیبل محمد شکیل اور کانسٹیبل مزمل حسین گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے ، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ فائرنگ کے دوران دو مبینہ منشیات فروش اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے ، جبکہ دیگر ملزم فرار ہوگئے ۔ ادھربھوانہ کے نوحی گاؤں امین پور کے قریب سیم نہر کے قریب سی سی ڈی سب انسپکٹر اعجاز اصغر بھولا اپنی ٹیم کے ساتھ ناکے پر کھڑے تھے کہ اچانک تین موٹر سائیکل سوارڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کر دی اورجوابی کارروائی پر ملزم قریبی فصل کماد میں کھس گئے اور ایک ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا،جس کی شناخت فتح شیر عرف پھتو کے نام سے ہوئی اوروہ قتل ڈکیتی راہزنی کی 70 وارداتوں میں مطلوب تھا ۔