تاجر اتحاد کا انتظامی یونٹس پر سنجیدگی سے غور کا مطالبہ
روایتی انتظامی ڈھانچہ اب مزید قابلِ عمل نہیں رہا ،چیئرمین عتیق میر
کراچی(بزنس رپورٹر) آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی مرکز کراچی کو درپیش انتظامی، بلدیاتی اور ترقیاتی مسائل کے مستقل حل کیلئے شہر کے انتظامی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ناگزیر ہو چکا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے انتظامی یونٹس کی ازسرِنو تشکیل پر سنجیدگی سے غور کیا جائے تاکہ شہر کو مؤثر، مربوط اور عوام دوست نظامِ انتظامیہ فراہم کیا جا سکے ۔عتیق میر نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی ماضی میں بھی مختلف انتظامی تجربات کے باعث متعدد مشکلات کا شکار رہا ہے جبکہ موجودہ انتظامی نظام شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی، معاشی سرگرمیوں اور بنیادی شہری مسائل سے مؤثر انداز میں نمٹنے میں ناکافی ثابت ہو رہا ہے ،کراچی جیسے میگا سٹی کیلئے روایتی انتظامی ڈھانچہ اب مزید قابلِ عمل نہیں رہا ۔انہوں نے زور دیا کہ کراچی میں کام کرنے والے تمام سرکاری، بلدیاتی اور متعلقہ اداروں کو اپنی آئینی و انتظامی ذمہ داریاں مکمل ہم آہنگی اور مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments