حکومت معیشت کے استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدر آمد میں مصروف:وزیر اعظم
شہبازشریف سے کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک کی ملاقات ،مالیاتی وفاقیت کو مضبوط بنانے پر رپورٹ پیش، تقابلی جائزہ لائق تحسین ،تفصیلی جائزے کیلئے کمیٹی بنا نیکی ہدایت ایندھن کی منصفانہ قیمتوں پر فراہمی ترجیح ،عوام کی پائی پائی کا تحفظ کرینگے ،بندرگاہوں ، ریفائنریوں سے پٹرول پمپس تک سپلائی کی ڈیجٹیل مانیٹرنگ کی جائے :وزیراعظم
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہبا زشریف نے کہاہے کہ حکومت معیشت کو مستحکم اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد میں مصروف ہے ،وہ عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابزر کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کررہے تھے ،عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے پاکستان میں مالیاتی وفاقیت کو مضبوط بنانے پر رپورٹ پیش کی اور سفارشات پیش کیں، رپورٹ کے مندرجات پر بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عالمی بینک کی جانب سے پیش کیا گیا تجزیہ اور تقابلی جائزہ لائق تحسین ہے ، وزیراعظم نے رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت جاری کر دی اور کہا کہ جائزہ کمیٹی عالمی بینک کی سفارشات پر صوبوں سمیت تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کرے گی ،وزیر اعظم نے کہا عالمی بینک کی رپورٹ پالیسی سازی کیلئے مفید رہنمائی فراہم کرے گی،انہوں نے پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں عالمی بینک کے کردار کو سراہا ۔
دریں اثنا آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)میں اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد میں بہتری کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کو ایندھن کی بلاتعطل اور منصفانہ قیمتوں پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، اس میں غفلت یا بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت عوام کی ایک ایک پائی کا تحفظ کرے گی، کسی کو عوام کے استحصال اور سسٹم میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے ، جدید ٹیکنالوجی و سافٹ ویئر کے استعمال سے بندرگاہوں و ریفائنریوں سے پٹرول پمپس تک سپلائی چین کی ڈیجیٹل نگرانی کی جائے ،حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا تمام اداروں میں یکساں نفاذ یقینی بنایا جائے ، اوگرا میں اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد میں بہتری کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کے جد ید ٹریکنگ نظام کو ماڈل بنا کر ملک میں ایندھن کی آمدورفت کی کڑی نگرانی کا نظام وضع کیا جائے ،اوگرا کی استعداد میں اضافے کیلئے نجی شعبے سے اچھی شہرت کے ماہرین تعینات کیے جائیں،اوگرا کی تنظیم نو کرکے ہر شعبے اور منصب کیلئے ماہرین کی میرٹ پر شفاف طریق کار سے تعیناتی کی جائے ،اصلاحات و تنظیمِ نو کیلئے حکومت ہر قسم کی پیشہ ورانہ مہارت فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے کہاکہ منظور شدہ پالیسی کے تحت ملک میں قائم آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈ یشن پر کام تیز کیا جائے ۔
اجلاس میں چیئرمین اوگرا نے ادارے کی موجودہ کارکردگی، درپیش چیلنجز اور جامع اصلاحاتی پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی ،وزیراعظم نے اصلاحاتی پروگرام کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ تیل و گیس کے شعبے میں مکمل شفافیت، مو ثر نگرانی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کیلئے جدید ڈیجیٹل نظام کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنایا جائے ، شہباز شریف سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے الوداعی ملاقات کی،وزیراعظم نے خضر فرہادوف کی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان گہرے ، برادرانہ تعلقات کے فروغ کیلئے ان کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا، خضر فرہادوف نے اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ملنے والی گرمجوشی، مہمان نوازی اور بھرپور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم کو اپنے خاندان کے پاکستان میں قیام کے تجربات پر مبنی ایک کتاب بھی پیش کی،علاوہ ازیں وزیراعظم نے کوئٹہ کے نواحی علاقے سورنج میں کوئلہ کان حادثہ میں مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کے علاج کیلئے خصوصی انتظامات یقینی بنائے جائیں،متاثرہ مزدوروں کے ریسکیو اور ریلیف تک آپریشن جاری رکھا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments