پورٹ قاسم میں 400ایکڑ پر گارمنٹس سٹی قائم کرنیکا اعلان

پورٹ قاسم میں 400ایکڑ پر گارمنٹس سٹی قائم کرنیکا اعلان

پہلے مرحلے میں 1.38لاکھ ملازمتیں ، 2.2ارب ڈالر کی برآمدات متوقع صنعتی کلسٹر اعلیٰ معیار کے ملبوسات کی تیاری پر توجہ مرکوزکرے گا،جنید انوار

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پورٹ قاسم میں 400 ایکڑ پر محیط اپیرل زون (ملبوسات کی صنعت کا مرکز) قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے ۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے سے 1 لاکھ 38 ہزار سے زائد ملازمتیں پیدا ہونے اور تقریبا 2.2 ارب ڈالر کی سالانہ برآمدات متوقع ہیں۔گارمنٹ سٹی کے مجوزہ منصوبے سے متعلق پیر کو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ برآمدات پر مبنی یہ صنعتی کلسٹر اعلی معیار کے ملبوسات کی تیاری پر توجہ مرکوز کرے گا اور نجی سرمایہ کاری کو راغب کرے گا۔ منصوبے کے خاکے کے مطابق پہلے مرحلے کا رقبہ 250 ایکڑ پر مشتمل ہوگا جس میں سے 35 فیصد حصہ اندرونی سڑکوں، یوٹیلیٹیز (بنیادی سہولیات) اور سرسبز علاقوں کے لیے مختص کیا جائے گا۔ اس منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تشکیل دیا جا رہا ہے ۔ مجوزہ تجارتی ڈھانچے میں 5 ایکڑ رقبے کے 32 صنعتی پلاٹ شامل ہیں تاہم مزید سرمایہ کاروں اور مینوفیکچرنگ یونٹس کی گنجائش پیدا کرنے کے لیے پلاٹ کا سائز کم کر کے 2 یا 3 ایکڑ بھی کیا جا سکتا ہے ۔پورٹ قاسم اتھارٹی  بنیادی ڈھانچہ اور سہولیات فراہم کرے گی۔ ہر صنعتی یونٹ کو روزانہ 4 لاکھ گیلن تک پانی، 2 میگاواٹ آن گرڈ بجلی اور 8 پاؤنڈ فی مربع انچ (پی ایس آئی) کے دباؤ کے ساتھ روزانہ 23,100 پاؤنڈ صنعتی گیس کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی جو 10 ٹن بھاپ (سٹیم) کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہوگی۔ پاؤنڈز فی مربع انچ (پی ایس آئی) دباؤ (پریشر) کی پیمائش کا ایک یونٹ ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...