برآمدات پر مبنی صنعتی ترقی ترجیحات میں شامل ، بلال کیانی
ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن کمیٹیاں شکایات کے حل میں کردار ادا کریں گی پالیسی سازی کے عمل میں نجی شعبے کی تجاویز کو اہمیت دی جائے گی
کراچی(بزنس رپورٹر)وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت برآمدی صنعت کو درپیش مسائل کے حل، ٹیکس نظام کو آسان بنانے اور کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ، برآمدات پر مبنی صنعتی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ یہ بات انہوں نے آل پاکستان ایکسپورٹرز ایسوسی ایشنز کے نمائندگان اور اہم کاروباری رہنماؤں کے ساتھ اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں بلال اظہر کیانی نے صنعتکاروں کے تحفظات غور سے سنے اور مسائل کے حل کیلئے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وزیر مملکت نے بتایا کہ حکومت نے بجٹ کے بعد ایکسپورٹ فسیلیٹیشن کمیٹیوں کو نوٹیفائی کیا ہے جن کا بنیادی مقصد برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس امر کو بھی یقینی بنانا چاہتی ہے کہ برآمد کنندگان کو ٹیکس حکام کی جانب سے غیر ضروری ہراسانی یا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ،ایکسپورٹ فسیلیٹیشن کمیٹیوں کے ذریعے شکایات اور تنازعات کے ازالے کیلئے مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے گا ۔بلال اظہر کیانی نے برآمد کنندگان کو یقین دلایا کہ حکومت صنعت اور کاروباری برادری کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی اور پالیسی سازی کے عمل میں نجی شعبے کی تجاویز کو اہمیت دی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments