آزاد کشمیر میں ن لیگ کے افتخار گیلانی وزیراعظم منتخب ، خلف اٹھا لیا : پارٹی صدر شاہ غلام قادر نے ووٹ نہ دیا

 آزاد کشمیر میں ن لیگ کے افتخار گیلانی وزیراعظم  منتخب ، خلف اٹھا لیا : پارٹی صدر شاہ غلام قادر نے ووٹ نہ دیا

افتخار گیلانی کے 30 ووٹ ،عوامی دستِ با زو اور جے یوآئی کے 2ارکان نے حمایت کی ، پیپلزپارٹی کے مختار عباسی نے 14 ووٹ لیے ، نومنتخب وزیر اعظم فاروق حیدر کو منا کر لے آئے پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل تو کشمیر بھی پاکستان کے بغیر ادھورا ، پنجاب جیسی تبدیلی لائینگے :حلف کے بعد پہلا خطاب،شہبازشریف کی مبارکباد،ڈاکٹر نجیب نقی کو صدر بنانیکا امکان

مظفرآباد،اسلام آباد (نمائندہ دنیا،نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک )آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے مسلم لیگ (ن)کے ٹیکنوکریٹ نشست پر منتخب بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیر اعظم منتخب کر لیا، نو منتخب وزیر اعظم نے 30 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار مختار احمد خان عباسی 14 ووٹ حاصل کر سکے ،نو منتخب وزیر اعظم کو مسلم لیگ (ن)کے علاوہ عوامی دستِ با زو اور جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے بھی ایک، ایک ووٹ ملا،مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اسمبلی اجلاس سے غیر حاضر رہے ، قانون ساز اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت سے ایک گھنٹے کی تاخیر کے بعد دو بجے کے بجائے تین بجے شروع ہوا، اسمبلی اجلاس میں تاخیر کی بنیادی وجہ سابق  وزیر اعظم فاروق حیدر کو منانے کے لیے کی جانے والی کوششیں تھیں،افتخار گیلانی خود فاروق حیدر کو منانے کیلئے ان کے گھر گئے ، جو ایک گھنٹے کے بعد بارآور ثابت ہوئیں،الیکشن میں کامیابی کے بعد نو منتخب وزیراعظم افتخار گیلانی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، قائم مقام صدر آزاد کشمیر چودھری طارق فاروق نے ان سے حلف لیا۔

حلف برداری کے بعد آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت کو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے قانون ساز اسمبلی کے ارکان کی حمایت درکار ہے۔ تمام ممبران کے تعاون سے آزاد کشمیر کی بہتری کے لیے کام کریں گے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے تو کشمیر بھی پاکستان کے بغیر ادھورا ہے ، کشمیر زمین کے ٹکڑے کا مسئلہ نہیں، یہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے ،نو منتخب وزیر اعظم نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کی مذمت کرتے ہیں، قانون سازی سے کشمیر کو بھارت کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا،بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ افواج پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے شکر گزار ہیں، پاک فوج کی وجہ سے کشمیری سکون کی نیند سوتے ہیں،انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف، نواز شریف اور مریم نواز کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کشمیر میں اسی طرح تبدیلی لائیں گے۔

جیسے مریم نواز پنجاب میں تبدیلی لائی ہیں ، افتخار گیلانی پہلی بار 2011میں منتخب ہوکر آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں پہنچے تھے ، وہ آزادکشمیر کے وزیرتعلیم بھی رہ چکے ہیں، 2021 اور 2026 کے الیکشن میں ان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ،دریں اثنا مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ڈاکٹر نجیب نقی کو آئندہ پانچ سال کے لئے آزاد جموں و کشمیر کا صدر بنانے کا امکان ہے ، ان کا تعلق پونچھ ڈویژن سے ہے ،ڈاکٹر نجیب نقی 2016 سے 2021 تک آزاد کشمیر کابینہ میں وزیر صحت کے منصب پر فائز رہے ، وہ ماضی میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن اور مختلف اہم وزارتوں پر بھی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ ڈاکٹر نجیب نقی کے پاس وزارت صحت، خزانہ اور منصوبہ بندی و ترقیات کے قلمدان بھی رہے ہیں، ادھروزیراعظم شہباز شریف نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن)کی فتح کا سہرا پارٹی قیادت بالخصوص میاں نواز شریف اور پارٹی کارکنوں کی محنت کو جاتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...