بنگلہ دیش کو گاڑیوں کی برآمدات رواں ماہ شروع ہوگی

بنگلہ دیش کو گاڑیوں کی برآمدات رواں ماہ شروع ہوگی

رواں سال 100گاڑیاں آزمائشی بنیادوں پر بنگلہ دیش برآمد کی جائیں گی پاکستانی ٹیم ٹیکنیکل اورانجینئرنگ خدمات بھی فراہم کریگی،جیان چیانگ شاؤ

کراچی (این این آئی)پاکستان میں تیار کردہ گاڑیوں کی بنگلہ دیش کو آزمائشی برآمدات رواں ماہ ستمبر سے شروع ہونے کا امکان ہے ۔ پاکستانی گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی اور بنگلہ دیشی کاروباری گروپ کے درمیان جولائی 2026ء میں 5 ہزار گاڑیاں بنگلہ دیش برآمد کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے ۔معاہدے کے تحت رواں سال 100 گاڑیاں آزمائشی بنیادوں پر بنگلہ دیش برآمد کی جائیں گی جبکہ بڑے پیمانے پر باقاعدہ برآمدات اگلے سال شروع کرنے کا منصوبہ ہے ۔ پاکستان میں ایس اے آئی سی موٹر، چین کے اشتراک سے تیار ہونے والے عالمی برانڈ کے دو ماڈلز بنگلہ دیش بھیجے جائیں گے ۔گاڑیاں برآمد کرنے والی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو جیان چیانگ شاؤ کے مطابق اس سے قبل مذکورہ ماڈلز چین سے برآمد کیے جاتے تھے ، تاہم کمپنی کی کوششوں اور مذاکرات کے بعد ایس اے آئی سی موٹر کے مرکزی دفتر کو اس امر پر آمادہ کیا گیا کہ ایم جی پاکستان کو سپورٹ کرتے ہوئے کاروباری ماڈل کو مکمل تیار شدہ گاڑیوں کی درآمد و برآمد سے تبدیل کرکے پاکستان سے پرزہ جات کی شکل میں گاڑیوں کی برآمد کی طرف منتقل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان میں پائیدار آٹو موٹیو برآمدات کے حصول کی جانب ایک اہم پیش رفت اور ممکنہ طور پر پہلی مثال ہے ۔جیان چیانگ شاؤ کے مطابق  پاکستانی انجینئرنگ ٹیم بنگلہ دیش جاکر وہاں تکنیکی رہنمائی کے ساتھ انجینئرنگ خدمات بھی فراہم کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...