ملکی آئی ٹی برآمدات 39 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں
کمپنیوں کو فراہم کردہ سہولیات، بیرون ملک دفاتر کی اجازت شعبے کی ترقی کی اہم وجہ
کراچی (کامرس رپورٹر) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادوشمار کے مطابق ملک کی آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلقہ خدمات کی برآمدات میں مثبت رجحان برقرار ہے ، تاہم ماہانہ بنیاد پر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ رواں سال اگست 2026 کے دوران آئی ٹی برآمدات 39 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہیں۔ گزشتہ سال اسی ماہ آئی ٹی برآمدات کا حجم 33 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2026 میں آئی ٹی برآمدات 41 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھیں، جس کے مقابلے میں اگست کے دوران 6 فیصد ماہانہ کمی دیکھی گئی۔ ماہرین کے مطابق عالمی طلب، بیرونی منڈیوں میں کاروباری سرگرمیوں اور ادائیگیوں کے شیڈول میں تبدیلی کے باعث ماہانہ اعدادوشمار میں اتار چڑھاؤ معمول کی بات ہے ، تاہم مجموعی رجحان اب بھی مثبت ہے ۔ حکومت اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے آئی ٹی کمپنیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، بیرون ملک دفاتر کے قیام کی اجازت اور برآمدی مراعات کو اس شعبے کی ترقی کی اہم وجوہات قرار دیا جا رہا ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ٹی شعبہ قیمتی زرمبادلہ کا اہم ذریعہ بنتا جا رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments