آئی ٹی سی این ایشیا کااختتام،550ملین ڈالر کے معاہدے
سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی شراکت داری اور کاروباری روابط کو فروغ ملا
کراچی (بزنس ڈیسک)اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی)کے تعاون سے منعقدہ 28ویں آئی ٹی سی این ایشیا 2026 جمعرات کو کراچی ایکسپو سینٹر میں شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوئی۔ تین روزہ ٹیکنالوجی نمائش اور کانفرنس کے دوران 75سے زائد مفاہمتی یادداشتوں، معاہدوں اور کاروباری وعدوں کے تحت 550 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی سرگرمیاں سامنے آئیں۔ تقریب کے دوران طے پانے والے کاروباری وعدوں اور معاہدوں پر آئندہ برسوں میں عمل درآمد متوقع ہے ۔ آئی ٹی سی این ایشیا 2026 میں کاروباری سرگرمیوں کے حجم نے پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ڈیجیٹل معیشت میں بین الاقوامی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی شراکت داریوں اور سرحد پار تعاون کے بڑھتے ہوئے امکانات کو بھی اجاگر کیا۔ای کامرس گیٹ وے پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے زیرِ اہتمام آئی ٹی سی این ایشیا 2026 کوایس آئی ایف سی نے اسٹریٹجک سپورٹر، اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی اور محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی، حکومتِ سندھ نے اسٹریٹجک پارٹنرز جبکہ Ignite National Technology Fund نے نیشنل انوویشن پارٹنر کے طور پر تعاون فراہم کیا۔ 24 ستمبر تک جاری رہنے والے اس ایونٹ نے ٹیکنالوجی کی نمائش، کاروباری شراکت داریوں، سرمایہ کاری سے متعلق روابط اور پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل پر تبادلہ خیال کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔آخری روز تجارتی وزیٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ متعدد پیشہ ور افراد، کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی سے دلچسپی رکھنے والوں اور کاروباری فیصلہ سازوں نے نمائش ہالز کا دورہ کیا۔
نمائش کنندگان کو وزیٹرز اور ممکنہ صارفین کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی ملی جبکہ نمائش کے دوران کاروباری ملاقاتیں، مصنوعات کے مظاہرے ، نیٹ ورکنگ سیشنز اور ممکنہ تجارتی شراکت داریوں پر گفتگو جاری رہی۔آئی ٹی سی این ایشیا 2026 کے کامیاب اختتام پر بات کرتے ہوئے آئی ٹی سی این ایشیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عمیر نظام نے کہا کہ ایونٹ میں ہونے والی کاروباری سرگرمیوں کا حجم پاکستان کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم اور بین الاقوامی مارکیٹوں سے جڑنے کی اس کی صلاحیت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 550 ملین امریکی ڈالر سے زائد مالیت کی مفاہمتی یادداشتیں، معاہدے اور کاروباری ڈیلزپاکستان کے ٹیکنالوجی شعبے میں مقامی اور بین الاقوامی فریقین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی ظاہر کرتے ہیں۔ آنے والے برسوں میں یہ دلچسپی نئی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی شراکت داریوں، کاروبار میں توسیع اور مضبوط بین الاقوامی روابط کی صورت اختیار کر سکتی ہے ۔تین روزہ ایونٹ میں ایک جامع کانفرنس پروگرام بھی شامل تھاجس میں پاکستان کے ٹیکنالوجی کے مستقبل سے جڑے اہم موضوعات، بشمول مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی، ڈیجیٹل تبدیلی، ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری، کاروبار و جدت، مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ افرادی قوت اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی پر گفتگو ہوئی۔
ایونٹ میں شریک کمپنیوں اور اداروں نے متعدد مصنوعات بھی متعارف کرائیں۔کراچی ایڈیشن کے اختتام کے بعد اب توجہ 29ویں آئی ٹی سی این ایشیا پر مرکوز ہے جو 29 سے 31 جنوری 2027 تک ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہوگی۔ اگلے ایڈیشن کے لیے نمائش کنندگان نے پہلے ہی بھرپور دلچسپی ظاہر کی ہے اور نمائش کی تقریباً 80 فیصد جگہ بک ہو چکی ہے ۔ یہ پیش رفت پاکستان اور بین الاقوامی منڈیوں میں نئے مواقع تلاش کرنے والی ٹیکنالوجی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کے لیے آئی ٹی سی این ایشیا کے پلیٹ فارم پر مسلسل اعتماد کی عکاسی کرتی ہے ۔28ویں آئی ٹی سی این ایشیا پاکستان کے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے لیے ایک اور اہم سنگِ میل ہے ۔ ایونٹ کے دوران شروع ہونے والی کاروباری سرگرمیوں سے آنے والے برسوں میں سرمایہ کاری، جدت، تعاون اور ترقی کے مزید مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments