3ٹیکسٹائل کمپنیوں کے منافع میں رواں سال 66فیصد اضافہ
انٹر لوپ، نشاط ملز، نشاط چونیاں شامل، برآمدات میں اضافہ سبب بنا،رپورٹ
اسلام آباد(بزنس ڈیسک)ملک کی 3بڑی ٹیکسٹائل کمپنیوں انٹرلوپ لمیٹڈ، نشاط ملز لمیٹڈ اور نشاط چونیاں لمیٹڈ کے مجموعی خالص منافع میں رواں مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 66 فیصد اضافہ ہوا۔اے کے ڈی ریسرچ کے مطابق تینوں کمپنیوں کا مجموعی خالص منافع مالی سال 2025 کے 12.2 ارب کے مقابلے میں بڑھ کر مالی سال 2026 میں 20.2 ارب ہو گیا، ان کمپنیوں کے منافع میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں برآمدات میں اضافہ، مجموعی منافع کی شرح میں بہتری اور مالیاتی اخراجات میں کمی ہیں۔ تینوں کمپنیوں کی مجموعی آمدنی میں سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 437 ارب سے بڑھ کر 451.3 ارب روپے ہو گئی۔ اس دوران انکی مجموعی برآمدات 7 فیصد اضافے سے ایک ارب ڈالر کے مقابلے میں 1.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ برآمدات میں اضافے کی وجہ ہوزری، ڈینم، ملبوسات اور ورک ویئر کے شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کی توسیع رہی۔ جبکہ مقامی مارکیٹ میں فروخت میں کمی دیکھی گئی اور تینوں کمپنیوں کی مجموعی مقامی فروخت پیوستہ مالی سال کے 145.5 ارب روپے سے کم ہو کر 138.9 ارب رہ گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments