پاکستان اور جاپان تجارتی واقتصادی تعاون بڑھانے پر متفق
بزنس فورم کی سالانہ میٹنگ، کاروباری روابط، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پرگفتگو
کراچی(این این آئی)پاکستان جاپان بزنس فورم کی سالانہ جنرل کونسل میٹنگ میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو فروغ دینے ، سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور کاروباری برادری کے روابط مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔میٹنگ کے مہمان خصوصی کراچی میں تعینات جاپان کے قونصل جنرل ہتوری مسارو تھے ۔ جاپانی قونصل جنرل ہتوری مسارو نے پاکستان جاپان بزنس فورم کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فورم دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو قریب لانے ، تجارتی روابط بڑھانے اور مشترکہ اقتصادی مواقع کی نشاندہی کے لیے مؤثر پلیٹ فارم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فورم پاکستان اور جاپان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کررہا ہے ۔اجلاس میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ، سرمایہ کاری کے نئے امکانات تلاش کرنے اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط وسیع کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے مؤثر رابطہ کاری ضروری ہے ۔فورم کے چیئرمین مرتضیٰ مانڈوی والا نے کہا کہ جاپان جدید ٹیکنالوجی، صنعتی مہارت اور سرمایہ کاری کے تجربے کے باعث پاکستان کا اہم اقتصادی شراکت دار ہے ، جبکہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے وسیع امکانات ہیں۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور جاپان کے کاروباری تعلقات کو نئی جہت دینے کی مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائینگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments