انتظامیہ کی عدم دلچسپی,چنیوٹ کا تاریخی عمر حیات محل خستہ حالی کا شکار
100 سال قبل لکڑی سے تیار شدہ قدیمی محل اندرون و بیرون شہر سے آنے والے سیاحوں کا مرکز بنا ہوا تھا ،دیواروں میں بڑی بڑی دراڑیں ،تمام کمروں کی چھتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار جبکہ منزلیں آہستہ آہستہ گررہی ہیں،محل بچانے کیلئے فنڈز جاری کئے جائیں اور فی الفور مرمت کا کام شروع کیا جائے ،شہری ،سماجی تنظیموں کامطالبہ
چنیوٹ(نمائندہ دنیا)چنیوٹ کا تاریخی عمر حیات محل ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث خستہ حالی کا شکار بالائی منزل گرنے لگی جبکہ دیواریں، چھتیں ٹوٹ پھو ٹ کا شکار تفصیلات کے مطابق چنیوٹ شہر کے گنجان آباد علاقہ محلہ ریختی میں واقعہ تاریخی وقدیمی عمر حیات محل حکومتی عدم توجہ کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا،100 سال قبل لکڑی سے تیار شدہ یہ قدیمی محل اندرون و بیرون شہر سے آنے والے سیاحوں کا مرکز بنا ہوا تھا مگرعمر حیات محل کی خستہ حالی کی وجہ سے بیرون ممالک و اندرون شہرسے آنے والے لوگوں نے اس مقام کا رخ اختیار کرنا چھوڑدیا تاریخی عمر حیات محل کے تمام کمروں کی چھتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ عمر حیات محل کی دیواروں میں بڑی بڑی دراڑیں پڑ چکی ہیں جو کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں، د وسری طرف عمر حیات محل کی آخری منزل گر چکی ہے جبکہ اب دوسری منزل بھی گر رہی ہے ، لکڑی سے تیار شدہ عمارت بھی گر رہی ہے ۔ستم ظریفی کی بات ہے کہ سول سوسائٹی اور سماجی تنظیموں کے افراد نے متعدد مرتبہ ڈپٹی کمشنر چنیوٹ سمیت اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا مگر کوئی شنوائی نہ ہو سکی۔ قدیمی عمر حیات محل چنیوٹ ضلع کا ایک ورثہ ہے اس قدیمی ورثے کو بچانے کیلئے شہری و سماجی تنظیموں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ محل کو بچانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز جاری کئے جائیں اور فی الفور اس کی مرمت کا کام شروع کیا جائے ۔