مبینہ پولیس مقابلے کے بعد 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکوئوں کے زخمی ہونے کے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیاگیا۔سمن آباد کے علاقے ریڈیکس روڈ پر پولیس نے دوران گشت موٹرسائیکل سوار تین افراد کو روکنے کی کوشش کی۔ جنہوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کردی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
جن کا تعاقب کرنے پر ملزموں سے سیٹلائٹ میں آمنا سامنا ہوگیا۔ پولیس اور ملزموں کے درمیان ہونے والی فائرنگ کے دوران دو ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جنکی شناخت عدنان اور یاسین کے نام سے ہوئی۔ جنکے قبضے سے نقدی، اسلحہ، موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔ جبکہ انکا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔