غفلت برتنے والے ملازمین کو فارغ کردیاجائیگا:زاہد اکرام

 غفلت برتنے والے ملازمین کو فارغ کردیاجائیگا:زاہد اکرام

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر زاہد اکرام نے سٹاف کو خبردار کیاہے کہ شہریوں کی سہولت کیلئے تیزرفتار سروس ڈلیوری میں کوئی تاخیر یا عدم توجہ برداشت نہیں کی جائیگی اور درخواست گزاروں کو خوار کرنے والے اہلکار احتساب سے نہیں بچ سکیں گے فرائض سے کوتاہی کرنے اورعادی غفلت شعار ملازمین کو نوکری سے برخاست کردیاجائیگا۔

انہوں نے یہ تاکید اجلاس کے دوران شعبہ جاتی کارکردگی کاجائزہ لیتے ہوئے جاری کی جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل عابد بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن شاہد پاشا اور مختلف شعبوں کے ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرزموجود تھے ۔ڈی جی ایف ڈی اے نے دفتری کام میں سست روی کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہدایت کی کہ افسر اپنے فرائض کا احساس کرتے سائلین کو فوری ریلیف کی فراہمی پر توجہ مرکوز رکھیں اس ضمن میں اپنے ماتحت سٹاف کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے ۔ دفتری اوقات کی پابندی کو یقینی بنائیں اور غیر حاضر ملازم کے خلاف فوری ایکشن لیاجائے جبکہ جائز رخصت پرمتبادل اہلکار کابندوبست کریں تاکہ سرکاری کام کا حرج نہ ہو۔ کسی بھی شعبہ میں کوئی فائل بلاوجہ تاخیر کا شکار نہ ہو اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے ۔ انہو ں نے افسروں سے کہاکہ ون ونڈو کاؤنٹر کی کارکردگی پر گہری نظر رکھیں اور درخواست گزاروں کو مقررہ مدت کے اندر ریلیف فراہم کریں اور کام میں تاخیر کا موجب بننے والے ملازمین کی جواب طلبی کی جائے ۔ انہوں نے نادہندگان سے واجبات وصولی پیشرفت، بلڈنگ پلان /نقشہ جات منظوری، این اوسی، تکمیلی سرٹیفیکیٹ، ٹاؤن پلاننگ رپورٹ اجراء کے طریقہ کار کا جائزہ لیااور متعلقہ سٹاف سے کہاکہ درخواست گزاروں کو آسانیاں فراہم کرنے میں معاونت کریں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں