1ارب20 کروڑ جمع،کسی کو نمبر پلیٹ جاری نہ ہوسکی

1ارب20 کروڑ  جمع،کسی  کو  نمبر  پلیٹ  جاری  نہ  ہوسکی

فیصل آباد(عبدالباسط سے )فیصل آباد میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام کی جانب سے سال بھر میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن کی فیسوں کی مد میں ایک ارب 20کروڑ روپے سے زائد مالیت کے فنڈز اکٹھے کرلئے گئے ۔۔۔

مگر کسی ایک شہری بھی نمبر پلیٹ جاری نہ کی گئی۔ نمبر پلیٹوں کی فیسوں کی ادائیگی کے باوجود بھی نمبر پلیٹیں نہ ملنے پر شہری مارکیٹوں سے دوبارہ پیسے ادا کرکے ڈوپلیکیٹ نمبر پلیٹیں تیار کروانے پر مجبور ہوگئے جبکہ اصل نمبر پلیٹیں نہ ہونے کی وجہ سے آئے روز شہریوں کی گاڑیوں کے بھاری مالیت کے ٹریفک چالان بھی کئے جانے لگے ہیں۔ جس سے شہریوں کو دوہری اذیت کا سامنا ہے جبکہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے وقت وصول کی جانے والی نمبر پلیٹوں کی فیس 1200 روپے سے بڑھا کر 2 ہزا ر روپے جبکہ موٹرسائیکلوں کی نمبر پلیٹ فیس 750 روپے سے بڑھا کر 1500 روپے کردی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن حکام کی جانب سے رواں برس11ہزار سے زائد موٹر سائیکلوںاور1ہزار سے زائد کاروں اور 1800سے زائد رکشوں کی رجسٹریشن کی گئی۔ جنکی رجسٹریشن کی مد میں ایک ارب 20کروڑ اور نمبر پلیٹوں کی فیسوں کی مد میں 2کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے فنڈز اکٹھے ہوئے ۔ لیکن اسکے باوجود محکمہ ایکسائز حکام کی جانب سے شہریوں کو نمبر پلیٹوں کی فراہمی نہ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن کے بعد شہریوں کو 2،2 سال کے انتظار کے بعد نمبر پلیٹوں اور فائل کی فراہمی دی جاتی ہے ۔ جبکہ نمبر پلیٹوں اور فائلز کے حصول کیلئے شہری دفتر کے چکر کاٹ کاٹ کر تھک جاتے ہیں۔  تاہم معاملے پر ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نعمان خالد کاکہناہے کہ نمبر پلیٹوں کی تیاری میں استعمال ہونے والا میٹریل بیرون ممالک سے امپورٹ ہوتا ہے ۔ سامان کی امپورٹ میں حائل مسائل کی وجہ سے نمبر پلیٹوں کی سپلائی متاثر ہورہی ہے تاہم نمبر پلیٹوں کی متواتر سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکن بہتر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں