لیبرڈیپارٹمنٹ کی غفلت ،رواں سال فیکٹریوں میں 5ہلاکتیں

لیبرڈیپارٹمنٹ کی غفلت ،رواں سال فیکٹریوں میں 5ہلاکتیں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)لیبر ڈیپارٹمنٹ کے افسروں کی مبینہ ملی بھگت نے فیکٹریوں میں کام کرنے والے ورکرز کی زندگیاں خطرے میں ڈال رکھی ہیں۔۔۔

رواں سال کرنٹ لگنے سمیت مختلف واقعات میں فیکٹریوں میں کام کرنے والے 5 مزدور جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے لیکن محکمہ لیبر کے افسروں کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔ صنعتی شہر فیصل آباد میں ہزاروں فیکٹریوں میں کام کرنے والے دس لاکھ سے زائد مزدور نا مناسب حفاظتی اقدامات کے باعث موت کے سائے تلے کام کرنے پر مجبور ہیں۔ ذرائع کے مطابق رواں برس اب تک مختلف واقعات کے دوران پانچ مزدور زندگی کی بازی ہار چکے لیکن کسی ایک فیکٹری یا صنعتی یونٹ کے خلاف بھی کاروائی عمل میں نہ لائی جاسکی۔ صدر لیبر قومی موومنٹ بابا لطیف کا کہنا ہے کہ محکمہ لیبر کے افسران ملز مالکان سے مبینہ ملی بھگت کرکے اعلیٰ حکام کو سب اچھا ہے کی رپورٹ دیتے ہیں جبکہ فیکٹریوں میں حفاظتی اقدامات سے متعلق بیشتر رپورٹس دفاتر میں بیٹھ کر ہی بنائی جاتی ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر رائے یاسین کا دعویٰ ہے کہ فیکٹریوں کا سروے باقاعدگی سے کیا جاتا ہے اور حفاظتی اقدامات غیرتسلی بخش ہونے یا کسی حادثے کی صورت میں نہ صرف فیکٹری کا چالان کیا جاتا ہے بلکہ مالکان کو بھاری جرمانے بھی ہوتے ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں