ایف ڈی اے افسر 4 عہدوں پر تعینات ، رجسٹری ، سیل ایگریمنٹ پر دستخط کیلئے لاکھوں کے نذرانے و صول
فیصل آباد(قمر ارشاد سے )ایف ڈی اے افسر 4 عہدوں کا مزے لوٹتے ہوئے رجسٹری/سیل ایگریمنٹ دستخط کرنے کے لیے ہی مبینہ ہزاروں روپے فی ایگریمنٹ/رجسٹری وصول کر کے لاکھوں کے نذرانے لینے میں مصروف ہیں ۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ آپریشنز، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ (ون)، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ (ٹو)اور مجسٹریٹ فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا چارج رکھنے والے جنید حسن منج رجسٹری اجراکیلئے دستخط کرنے کے ریٹس مختص کررکھے ہیں۔رجسٹری کی نوعیت اور جگہ کی قیمت کے حساب سے دستخط کے نام پر رقم وصولی سے خریدار پریشان ،شہریوں کا کہنا ہے کہ جب بھی وہ کوئی ایسی جگہ خریدیں جو ایف ڈی اے کی زیر نگرانی ہو تو انہیں ایف ڈی اے افسروں کو لیگل فیسوں کے علاوہ انکی جیبیں گرم کرنے کے لیے بھی رقم ادا کرنا پرتی ہے ۔ سیل ایگریمنٹ/رجسٹری تیار ہونے پر اجراکیلئے جنید حسن منج کے دستخط کرانا ہی انہیں لاکھوں میں پڑتا ہے ۔ انکے کلرک کو پیسے ادا کیے بغیر کوئی رجسٹری سائن نہیں ہو سکتی،کلرک بھی کہتے ہیں کہ اتنے رقم ہمیں دو اور اتنی رقم ڈائریکٹر کو جائیگی تو دستخط کیے جائینگے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیاہے کہ کمشنر اور ڈی جی ایف ڈی اے افسروں کی کرپشن ختم کرائیں۔ معاملے پر موقف دیتے ڈی جی ایف ڈی اے آصف چودھری کا کہنا تھا کہ ایسے غیرقانونی امور پرمتاثرین مجھے یا اینٹی کرپشن کو مطلع کریں تاکہ کارروائی کی جائے , ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی معاملہ نہیں۔