ٹی ایچ کیو ہسپتال جڑانوالہ میں ڈاکٹر تعینات نہ ہوسکے
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)ٹی ایچ کیو ہسپتال جڑانوالہ میں ایک ماہ بعد بھی خالی سیٹوں پر 6 سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تعیناتیاں نہ ہونے پر علاج معالجہ کی سہولیات۔۔
ناپید،ڈاکٹرز موجود نہ ہونے پر مریض مایوس لوٹنے لگے ۔ٹی ایچ کیو ہسپتال میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز پیرامیڈیکل سٹاف اور جان بچانے والی ادویات کی کمی پر قیامت خیز گرمی میں دور دراز دیہات سے روزانہ 3500 کے قریب سفر کرکے آنیوالے مریض او رورثاء علاج نہ ہونے پر سخت پریشان ہیں ،بے بس مریض پرائیویٹ ہسپتالوں سے مہنگا علاج کروانے پر مجبور ہیں ۔ ایک ماہ قبل الٹراساؤنڈ و ریڈلوجسٹ سپیشلسٹ ڈاکٹر آصف،کارڈیا لوجسٹ ڈاکٹر اشتیاق،سکن سپیشلسٹ ڈاکٹر حنا حق،گائناکالوجسٹ ڈاکٹر سعدیہ امیر،فزیشن ڈاکٹر شگفتہ کا تبادلہ کر دیا گیا تھا تاحال مذکورہ سیٹوں پر تعیناتیاں نہ ہو سکیں ہسپتال میں ناک کان گلہ کے سپیشلسٹ ڈاکٹر کی سیٹ بھی عرصہ سے خالی ہے ۔ سمندری میں تعینات ڈاکٹر اقبال کو ایم ایس کا اضافی چارج دیا گیا ہے جس پر ہسپتال کے انتظامی امور میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز، وزیر صحت ،کمشنر،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ ہے کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کی خالی سیٹوں پر تعیناتیاں یقینی بنائی جائیں ۔