محکمہ خوراک کو فنڈز کی کمی،گندم کے گودام خستہ حال

محکمہ  خوراک  کو  فنڈز  کی  کمی،گندم  کے  گودام  خستہ  حال

فیصل آباد(عبدالباسط سے )محکمہ خوراک کو گزشتہ کئی سالوں سے درپیش مالی مسائل اور فنڈز کمی کمی کا خاتمہ نہ ہوسکا۔

گندم کو محفوظ رکھنے کیلئے بنائے گئے گوداموں کی بیرونی حفاظتی دیواروں افسروں ا ور ملازمین کی ورکنگ کیلئے بنائے گئے دفاتر بھی گزشتہ کئی سال سے مرمت اور تزین و آرائش کا کام نہ ہونے کی وجہ سے اپنی زندگی کی آخری سانسیں لے رہے ہیں۔ جبکہ کھنڈرات میں تبدیل ہوئی عمارتوں کے زیر سایہ کام کرنے والے افسر و ملازمین پر بھی ہر وقت خوف کے سائے منڈلاتے رہتے ہیں۔ اسکے باوجود حکام دفاتر اور گوداموں سمیت بیرونی حفاظتی دیواروں کی مرمت اور تزئین کا کام کروانے میں غیر سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔ جبکہ خستہ حال عمارتوں اور ان میں بیٹھنے اور کام کرنے کیلئے مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے محکمہ کی کارکردگی بھی دن بدن خراب ہوتی دکھائی دینے لگی ہے ۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد محکمہ خوراک حکام کی جانب سے آج سے 40 سال سے زائد عرصہ قبل ریلوے اراضی پر گندم کی سٹوریج کیلئے گوداموں اور دفتری امور کی انجام دہی کیلئے دفاتر قائم کئے گئے تھے ۔

لیکن بدقسمتی سے ان دفاتر کی تعمیر کے بعد اسکی روٹین مرمت اور تزین و آرائش کیلئے کوئی بھی اقدامات نہ کروائے جاسکے ۔ جسکی وجہ سے گندم گوداموں اور دفاتر سمیت محکمہ خوراک کی دیگر عمارتوں کی حالت ہر گزرتے دن کے ساتھ بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق راجباہ روڈ، لال ملز چوک اور دیگر علاقوں میں قائم محکمہ خوراک کے سرکاری گودام بدحالی کا شکار بن چکے ہیں۔ دیواریں تباہی کا شکار ہونے کے ساتھ دیواروں کی اینٹیں بھی مختلف افراد کی جانب سے چوری کی جاچکی ہیں۔ کھنڈرات میں تبدیل ہوئے ان کمروں، برآمدوں اور بلڈنگ کے مختلف حصوں کی چھتوں سے اکثر اوقات سیمنٹ کے پیس ٹوٹ کر گرنے کے واقعات بھی سامنے آتے رہتے ہیں۔ اسکے باوجود محکمہ خوراک کے حکام بالا کی جانب سے فنڈز جاری کرنے اور ان عمارتوں کی تعمیرومرمت کیلئے اقدامات اٹھانے کی بجائے خاموش رہتے ہوئے وقت گزاری کو ترجیح دی جاتی ہے ۔ جبکہ ذرائع کا کہنا ہے گوداموں کی بیرونی حفاظتی دیواریں نہ ہونے کی وجہ سے ماضی میں گندم کے چوری ہونے کے واقعات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ اسکے باوجود حکام کی خاموشی اور عدم دلچسپی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے ۔ تاہم معاملے پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر علی عمران کہتے ہیں کہ صورتحال سے متعلق حکام کو آگاہ کیا جاچکا جلد صورتحال بہتر بنادی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں