فیسکو کابلنگ سافٹ وئیر حکام کیلئے مسائل کا سبب

فیسکو  کابلنگ  سافٹ  وئیر  حکام  کیلئے  مسائل  کا سبب

فیصل آباد(بلال احمد سے )فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)کا بلنگ سافٹ ویئر حکام کے لیے مسائل کھڑے کرنے لگا، عید کی چھٹیوں کے باعث ریڈنگ میں گڑ بڑ کے باعث بیچ 11 اور 12 میں شامل ساڑھے 14 ہزار صارفین کوغلط بل ارسال کرکے پروٹیکٹڈ کیٹیگری سے باہر نکال دیا گیا۔۔

 ڈائریکٹر کمرشل نے بلوں کی درستگی کے لیے اقدامات شروع کردیئے ۔ تفصیلات کے مطابق بجلی بلوں میں ریڈنگ کو 30 دنوں کی حد میں رکھنے کے لیے دو ماہ قبل فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے پروریٹا نامی سافٹ ویئر کا اجراء کیا گیا جس کے ذریعے جاری بلوں کی ایکوریسی کو 100 فیصد قرار دیا گیا تاہم جون کے بلوں میں بڑے فرق نے سافٹ ویئر کی کارکردگی پر سوالات کھڑے کردیئے اور افسران بھی پریشان ہو گئے ۔ ذرائع کے مطابق بیچ نمبر 11 اور 12 میں آنے والے 14 ہزار 500 سے زائد صارفین کی میٹر ریڈنگ میں عید کی چھٹیوں کے باعث مسائل پیدا ہوئے ،سافٹ ویئر نے خود کار انداز میں ریڈنگ کی اوسط نکالنے کے بعد مجموعی طور پر اضافی یونٹس شامل کردیئے ، 200 سے زائد یونٹس پر مذکورہ صارفین پروٹیکٹڈ کی کیٹیگری سے باہر نکل گئے اور چند یونٹس کے فرق سے ہزاروں روپے کا اضافی بل ادا کرنا پڑا، شہری سیخ پا ہوگئے اور فیسکو دفاتر میں شکایات درج کروانے والوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ پہلے ہی بجلی مہنگی ہورہی،سافٹ ویئر کی غلطی کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑ رہا ہے ، پروٹیکٹڈ صارفین کی کیٹیگری سے نکلنے پر اب 6 ماہ تک بھاری یونٹ ریٹ ادا کرنا پڑے گا، فیسکو حکام معاملے کا نوٹس لیں ۔ جبکہ فیسکو کے ڈائریکٹر کمرشل چودھری ذوالفقار علی نے صارفین کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ صارفین کے بلوں کی درستگی آن لائن کردی گئی ہے ۔ آئندہ ماہ آنے والے بلوں میں اضافی جمع ہونے والی رقم ایڈجسٹ کردی جائے گی جبکہ کیٹیگری بھی واپس پروٹیکٹڈ کردی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں