مکوآنہ قبرستان کے قریب واسا کی تعمیرات دوبارہ شروع

مکوآنہ قبرستان کے قریب واسا کی تعمیرات دوبارہ شروع

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہرسے )مکوآنہ قبرستان کے قریب واسا کی تعمیرات دوبارہ شروع کروا دی گئیں،جس پر اہل علاقہ نے کمشنر دفتر اور واسا دفتر کا گھیراؤکرنے کا عندیہ دے دیا ۔

تفصیلات کے مطابق بورڈ آف ریونیو کی جانب سے واسا کے منصوبے کے لیے تحصیل جڑانوالہ کے علاقے مکوآنہ میں صوبائی حکومت کی ملکیت سینکڑوں کنال اراضی واسا کو الاٹ کی گئی تھی جہاں واسا نے الاٹ شدہ اراضی پر تعمیرات شروع کی جو مکوآنہ قبرستان کی حدود تک پہنچ گئیں تو اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے موقف اپنایا کہ واسا کی تعمیرات میں مقامی قبرستان کی جگہ بھی آچکی ، اگر واسا نے تعمیرات کیں تو قبرستان کے لیے جگہ باقی نہیں بچے گی اس مسئلے پر سینکڑوں اہل علاقہ نے جائے تعمیر پر پہنچ کر شدید احتجاج کیا اورانہوں نے کمشنر ،ڈپٹی کمشنر، بورڈ آف ریونیو اور ایم ڈی واسا سے اراضی الاٹ کرنے کے معاملے پر نظرثانی کی درخواست کی جس پر تعمیرات رکوا دی گئیں،مظاہرین کا کہنا تھا کہ قبرستان کی جگہ باقاعدہ الاٹ کی جائے اور واسا تعمیرات قبرستان کی حدود سے باہر رکھی جائیں۔ اس وقت ڈی ایم ڈی واسا عدنان نثارنے کہاتھا کہ تعمیرات رکوا دی ہیں اور ڈپٹی کمشنر اور بورڈ آف ریونیو سے مشاورت کے بعددوبارہ شروع کرینگے ،ذرائع کے مطابق اب محرم الحرام میں دوبارہ سے پہلی والی بنیاد کو ہی دوبارہ کھودکر تعمیرات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر قبرستان کی اراضی پر قبضے کی کوشش کی گئی تو کمشنر دفتر اور واسا دفتر کے باہر دھرنا دیں گے ۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ایم ڈی واسا عامر عزیز نے کہا کہ پٹواری اور تحصیلدار کی مدد سے نقشے دیکھ کر الاٹ شدہ اراضی پر ہی تعمیرات کرینگے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں