جھنگ :سیوریج سسٹم ناکارہ ،گند اپانی گلیوں میں جمع ،مکین پریشان

جھنگ :سیوریج سسٹم ناکارہ ،گند اپانی گلیوں میں جمع ،مکین پریشان

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )سیوریج سسٹم ناکارہ ہونے سے نالیوں اور گٹروں کا گنداپانی کئی روز سے گلیوں میں جمع ہے ، جس کی وجہ سے علاقہ کے مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق جھنگ میں سیوریج سسٹم ناکارہ ہونے پر لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ، ضرورت کے پیش نظر کام کی غرض سے جانے والے لوگوں کومجبوراً اسی گندے اور غلیظ پانی سے گزرنا پڑتا ہے ہر گلی میں کھڑے گندے پانی میں سارا دن بچے کھیلتے رہتے ہیں جس سے ان بچوں میں موذی امراض کے پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو چکا ہے ۔اہل علاقہ کے مطابق ٹی ایم اے کا عملہ صفائی کبھی ان کے علاقہ کی صفائی کیلئے نہیں آیا،سیوریج سسٹم عرصہ دراز سے خراب پڑا ہے ،بستی نور پورہ ،محلہ کپائیاں اور بستی کل والی فلتھ ڈپو بن چکا جہاں ہر وقت بد بو اور تعفن سے انکاجینا محال ہو چکا ہے ۔بستی کل والی کے لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم نے ٹی ایم اے کو بارہا درخواست دی لیکن کوئی سننے والا نہیں ، انہوں نے ڈی سی او جھنگ اور ایڈ منسٹریٹر ٹی ایم اے سے پر زور مطالبہ کیا کہ مذکورہ صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور اس کے تدارک کیلئے عملی اقدامات عمل میں لائے جائیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں