نقشہ فیس میں 300 فیصد اضافہ: بلدیہ عظمیٰ کا 16 ارب 12 کروڑ کا بجٹ منظور

نقشہ فیس میں 300 فیصد اضافہ: بلدیہ عظمیٰ کا 16 ارب 12 کروڑ کا بجٹ منظور

لاہور(عمران اکبر)بلدیہ عظمی لاہور کے بجٹ 2024-2025 کی منظوری دے دی گئی، 16 ارب 12 کروڑ روپے کا سالانہ بجٹ منظور کرلیا گیا، بجٹ میں نئی ترقیاتی سکیموں پر کٹ لگا دیا گیا۔

وزیراعلیٰ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر کے ترقیاتی کاموں کے لئے 72 ارب روپے لگائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر/ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کی منظوری کے بعد بجٹ کی کاپی محکمہ لوکل گورنمنٹ کو ارسال کر دی گئی۔ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی ادائیگیوں کے لئے 2 ارب، غیر ترقیاتی بجٹ کا حجم 12.5 ارب، تنخواہوں اور پنشن کی مد میں 6.5 ارب، یوٹیلیٹی بلز کی مد میں 1.5 ارب روپے کی رقم رکھی گئی۔ ریگولیشن اور دیگر فیلڈآپریشنل گاڑیوں کے لئے 50 کروڑ، سالانہ تقریبات 1 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ مرمت اور مینٹی ننس کے لئے 1 ارب روپے رکھے گئے، سوئمنگ پول رجسٹریشن فیس 60 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کر دی گئی۔ دوسری طرف بلدیہ عظمیٰ نے نقشہ فیس 3 سو فیصد بڑھانے کی منظوری دے دی۔ حکومت پنجاب کی بلدیہ عظمی کے لئے گرانٹ میں بھی 40 کروڑ کا اضافہ متوقع ہے ۔حکومت نے 1 ارب 10 کروڑ گرانٹ کی خصوصی منظوری بھی دی ہے۔ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کی سکیموں کے لئے 1 ارب منظور کئے گئے۔ 22 شعبوں کے ذرائع آمدن سے 12 ارب حاصل ہوئے۔ محکمہ فنانس سے 1 ارب 92 کروڑ کی غیرترقیاتی گرانٹ موصول ہوئی۔ تنخواہوں کی مد میں 3 ارب 80 کروڑ جبکہ 8 ہزار پنشنرز کے لئے 2 ارب 80 کروڑ مختص کئے گئے۔ دوران سروس وفات پانیوالے ملازمین کیلئے 10 کروڑ، لوکل گورنمنٹ بورڈ پنجاب کو سروسز چارجز کی مد 30 کروڑ، سپورٹس کی سرگرمیوں کیلئے 2 کروڑ 5 لاکھ، تشہیری مہم 5 کروڑ، سرکاری عمارتوں کی تزئین و آرائش 20 کروڑ، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب 35 کروڑ، فلٹریشن پلانٹس 5 کروڑ، بجلی کے بلوں کی ادائیگی کی مد میں ڈیڑھ ارب، فیول اخراجات کی مد میں 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے، بلدیہ عظمیٰ کی تاریخ میں 30 سال بعد نئی گاڑیوں کی خریداری شامل کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ رافعہ حیدر نے کہا افسر شفافیت اور کفایت شعاری کو ترجیح دیں، ریگولیشن اور پلاننگ ونگ ریکوری ٹارگٹ پورے کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں