عوام کودہلیز پر انصاف کی فراہمی ترجیح :ڈی پی او ٹوبہ
گوجرہ (نمائندہ دنیا )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ عبادت نثار نے کہا ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر فوری انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
شہریوں سے براہِ راست مضبوط تعلقات استوار کئے جا رہے ہیں تاکہ ان کو درپیش مسائل ہنگامی اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامع مسجد مونگی بنگلہ گوجرہ میں منعقدہ کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کے لیے تمام سب ڈویژنل پولیس آفیسرز کی جانب سے ضلع بھر کی مختلف مساجد میں کھلی کچہریوں کاانعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کے مسائل سن کر ان کا فوری ازالہ کیا جا سکے ،دیہاتوں میں ٹھیکری پہرہ کے نفاذ سے چوری اور ڈکیتی جیسی وارداتوں کی روک تھام ہو سکتی ہے ،اس پر عملدرآمد وقت کا تقاضا ہے ۔اس موقع پر عبادت نثار نے سائلین کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے ،کھلی کچہری میں مقامی شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ ڈی ایس پی گوجرہ اختر علی وینس، ایس ایچ او تھانہ صدر گوجرہ حاکم علی، ایس ایچ او سٹی زبیر خالد ،انچارج پولیس چوکی مونگی بنگلہ میاں اجمل اور ڈی پی او کے پرسنل سٹاف افسر عطاء اللہ بھی موجود تھے ۔