ایف آئی اے دفتر میں موبائل لے کر جانے پر پابندی ،سائلین سے کھلے عام سودے بازی کا انکشاف

ایف آئی اے دفتر میں موبائل لے کر جانے پر پابندی ،سائلین سے کھلے عام سودے بازی کا انکشاف

فیصل آباد(عبدالباسط سے )ایف آئی اے کمپوزٹ دفتر کو انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر نو گو ایریا بنادیاگیا۔ سائلین کے مطابق دفتر میں افسرا ور ملازمین کی جانب سے اپنی مبینہ بے ضابطگیوں اور بدعنوانیوں کی ویڈیو بننے کے خوف سے آنے والے سائلین، شکایت گزاروں، ملز موں اور ہر خاص و عام کیلئے موبائل لیکر دفتر میں داخل ہونے پر پابندی عائد کردی گئی۔

شہریوں سے موبائلز اور ہر قسم کی ڈیوائسز گیٹ پر ہی جمع کی جانے لگیں۔ جبکہ مختلف فراڈ، جعل سازی، اور مختلف ظلم و ستم کا شکار بن کر ایف آئی اے دفتر آنے والے سائلین کو انصاف کی فراہمی کی بجائے مبینہ طورپر مقدمات کے اندراج اور باضابطہ انکوائر ی شرو ع کرنے کیلئے متاثرہ افراد سے ہی نذرانوں کی ڈیمانڈ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ سائلین کو فوری انصاف کی فراہمی کی بجائے ان سے ڈیلنگ اور سودے بازی کئے جانے کے انکشافات سامنے آنے لگے ہیں۔ درخواست گزاروں اور شکایت کنندگان کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے دفتر میں تعینات افسران و ملازمین کی جانب سے اپنی بے ضابطگیوں، بدعنوانیوں، اور ڈیلنگ کی ویڈیو بننے کے خوف سے پابندی کی گئی ہے ۔ سائلین اور درخواست گزاروں کے پاس موبائلز نہ ہونے کی وجہ سے افسروں اور عملے تک پہنچنے میں بھی مسائل ہیں ۔سائلین کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے واقعات کی روک تھام اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ ادارے کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ سکیورٹی ایشوز کی وجہ سے موبائلز جمع کئے جاتے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں