تعلیمی بورڈز اور جامعات کی بوگس ڈگریاں بیچنے والے متحرک ،سوشل میڈیا پر ریٹ مقرر

تعلیمی بورڈز  اور جامعات کی بوگس ڈگریاں بیچنے والے متحرک ،سوشل میڈیا پر ریٹ مقرر

فیصل آباد(بلال احمد سے )تعلیمی بورڈ اور جامعات کی بوگس ڈگریاں بیچنے والے سوشل میڈیا پر متحرک ہوگئے ۔ 1 لاکھ روپے میں بورڈ جبکہ دو لاکھ میں یونیورسٹی کی مستند ڈگری فراہم کرنے کیلئے محض 10 روز کی گارنٹی دی جانے لگی جس نے ملازمین کے مبینہ طور پر دھندے میں ملوث ہونے کا اشارہ بھی دے دیا ہے ۔جعلی ڈگری کا حصول آسان ہونے لگا ہے ۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی ڈگری بنا کر اٹیسٹیشن کروانے کے بعد ریکارڈ میں بھی تفصیلات درج کروانے کی گارنٹی دی جاتی ہے ،جعلی ڈگریاں بنانے والے گروہ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پرتعلیمی سرگرمیوں والے گروپس کا انتخاب کیا جاتا ہے جہاں اپنی سروسز کی تشہیر کی جاتی ہے ۔میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی ڈگری ایک لاکھ ، بی اے کی ڈگری 2 لاکھ روپے میں فراہم کرنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے جبکہ ڈگری بنوانے والوں کو کام سو فیصد اصل ہونے کی گارنٹی بھی دی جاتی ہے ۔ ملزم انتہائی مہارت کے ساتھ اصل ڈگری کی نقل تیار کرتے ہیں تمام مطلوبہ معلومات درج کرکے مہریں بھی لگائی جاتی ہے ۔ڈیل میں آدھی رقم پہلے اور آدھی کام مکمل ہونے کے بعد ادا کرنے کا معاہدہ کیا جاتا ہے ۔ معاملات سامنے آنے پر متعلقہ حلقوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے بورڈ اور ایچ ای ڈی حکام کو اپنے ملازمین کی سرویلنس سخت کرنے کی ضرورت ہے جبکہ ایف آئی اے بھی نہ صرف جعلی ڈگری بنانے والوں کی نشاندہی کرے بلکہ ان کے خلاف مؤثر کارروائی بھی عمل میں لائی جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں