نوجوانوں کو کتب بینی کی طرف مائل کرنا ناگزیر :ڈاکٹر اقرار

نوجوانوں کو کتب بینی کی طرف مائل کرنا ناگزیر :ڈاکٹر اقرار

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ دورحاضر میں نوجوانوں کو کتب بینی کی طرف مائل کرنا ناگزیر ہے

کیونکہ آج کا نوجوان موبائل، کمپیوٹر اور ٹی وی کی سکرین تک محدود ہو کر رہ گیا ہے اگرچہ آئی ٹی کے اس دور میں معلومات کا طوفان صرف ایک سنگل کلک کے فاصلے پر موجود ہے تاہم علم اور ترقی کی منازل کتابوں سے استفادہ کئے بغیر طے نہیں کی جا سکتیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی میں پانچ روزہ کتاب میلے کا افتتاح کرتے ہوئے کیا، کتاب میلہ زرعی یونیورسٹی میں یکم سے 9اکتوبر تک جاری کسان میلے کا حصہ ہے ۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی میں 9روزہ کسان میلے کا آغاز ہو گیا جس میں زرعی نمائش، آرٹ اینڈ لٹریچر فیسٹیول، نیزہ بازی کے مقابلہ جات، فوڈ اینڈ نیوٹریشن میلہ، کسان کنونشن، تصویری نمائش، گرے ہاؤنڈ ریس، کبڈی، گڑ میلہ، ڈاگ شو، صوفی نائٹ، شاعری کے مقابلہ جات، مقابلہ حسن گھوڑیاں و دیگر کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کتاب انسان کی بہترین دوست ہے اور اس کتاب میلے کے تحت مقامی لوگوں کو دنیا بھر کی بہترین کتب کی خریداری کا موقع دیا جا رہا ہے ۔ ڈاکٹر ریاض ورک نے کہا کہ کسان میلے میں زرعی سائنسدانوں، کاشتکاروں، پالیسی میکرز اور معاشرے کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم مہیا کیا جا رہا ہے تاکہ وہ زرعی استحکام اور ترقی کے لئے مربوط کاوشیں عمل میں لا سکیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں