مرغی کا گوشت 4 دن میں 72 روپے کلو مہنگا
لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور میں مرغی کی قیمت میں مزید بڑھ گئی، چار دن میں مرغی کا گوشت 72 روپے فی کلو مہنگا ہوگیا۔ گزشتہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں مزید 7 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد مر غی کا گو شت 475 روپے کلو ہوگیا، گزشتہ روز گوشت 468 روپے کلو تھا۔
زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں پانچ روپے کا مزید اضافہ ہوا ہے جس کے بعد زندہ برائلر کا تھوک ریٹ 314 روپے کلو جبکہ زندہ برائلر کا پرچون ریٹ 328 روپے کلو ہو گیا ہے ۔لاہور انتظامیہ نے سرکاری نرخنامے میں انڈوں کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی، انڈوں کی فی درجن قیمت 324 روپے ہے ۔دریں اثنا لاہور میں برانڈڈ گھی اور آئل مینوفیکچررز نے قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ریٹیلرز کا کہناہے کہ کوکنگ آئل اور برانڈڈ گھی کی قیمت میں 80 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے جس سے قیمت 570 روپے تک پہنچ گئی ہے ۔کچھ بڑے برانڈز کی قیمتوں میں یہ اضافہ 100 روپے تک ہوا ہے ، قیمتوں کے بارے میں چیئرمین پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن شیخ عمر ریحان نے کہا کہ پام آئل کی قیمتیں جو عالمی مارکیٹ میں بڑھ کر ایک ہزار 285 ڈالر فی ٹن ہوگئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد میں قیمتیں ایک ہزار 185 ڈالر تک آگئیں جس سے اوپن مارکیٹ میں پام آئل کی قیمت 19 ہزار روپے سے کم ہو کر 16 ہزار 500 روپے فی من رہ گئی۔اس کے نتیجے میں گھی اور کوکنگ آ ئل کی جو قیمتیں 80 روپے بڑھی تھیں ان میں 40 روپے کی کمی دیکھی گئی۔ برانڈڈ آئٹمز اپنی پرنٹنگ، ڈسٹری بیوشن اور مارکیٹنگ نیٹ ورکس کی وجہ سے قیمتوں کے اتار چڑھا کو ایڈجسٹ کرنے میں وقت لیتے ہیں۔ برانڈڈ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں بھی آہستہ آہستہ کم ہوں گی۔