کینو،مالٹا کی فصل پر فروٹ فلائی کا حملہ،محکمہ زراعت غفلت کا شکار

کینو،مالٹا کی فصل پر فروٹ فلائی کا حملہ،محکمہ زراعت غفلت کا شکار

ملتان (جام بابر سے )ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی کینو اور مالٹا کے باغات پر فروٹ فلائی نے حملہ کر دیا تاہم محکمہ زراعت کی جانب سے تاحال باغبانوں کو کسی بھی قسم کی زرعی ادویات کو استعمال کرنے کے حوالے سے ایڈوائزری نہیں جاری کی گئی ۔

جس سے پیداوار میں کمی کے اندیشے کے باعث باغبان پریشان۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں ترشا دہ پھلوں کے باغات ہزاروں ایکڑ رقبے پر محیط ہیں اور برداشت کے مرحلے سے گزر رہے ہیں تاہم باغبانوں کی رہنمائی نہ ہونے کی وجہ سے ترشادہ پھل وقت سے پہلے خراب ہو رہے ہیں جس سے پھلوں کے باغبان کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا۔ ماہرین کے مطابق رواں سال موسمی تبدیلی کے اثرات دیگر فصلات کے ساتھ ساتھ ترشاوا پھلوں پر بھی پڑے ہیں تاہم اس کے باوجود محکمہ زراعت کی جانب سے باغبانوں کو کسی بھی قسم کی رہنمائی فراہم نہیں کی گئی۔ جس کے باعث باغبان پرانے اور فرسودہ طریقوں پر عمل کرتے ہوئے اپنے باغات کی دیکھ بھال کرتے رہے تا ہم مناسب رہنمائی نہ ہونے کی وجہ سے پیداوار میں 30 فیصد کمی کا خدشہ ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ جنوبی پنجاب میں 40 ہزار ایکڑ رقبے پر پھیلے مالٹا اور کینو کے باغات پر فروٹ فلائی نے حملہ کردیا جسکی وجہ سے یاتوپھل گل سڑ کر گرنے لگے جس سے باغبانوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا۔باغبانوں کا کہنا ہے کہ کینو کی فصل پر فروٹ فلائی نے حملہ کیا ہے جس سے فصل خراب ہو کر ضائع ہورہی ہے جس سے ہمارا بہت نقصان ہوگیا ہے ۔ زرعی ماہرین کے مطابق کے حملے سے رواں سال پیداوار میں 30 فیصد کمی کا خدشہ ہے ۔ماہرین نے کہا کہ اس بار فروٹ فلائی کا حملہ زیادہ ہے تا ہم کاشتکاروں کو یہی کہیں گے کہ بروقت سپرے کریں یا پھر جو پھل نیچے گرا ہے ، اس کو زمین میں دبا دیں تاکہ مکھی کا حملہ کم ہوسکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں