انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ میں سالانہ محفل میلاد النبی ؐ کا انعقاد

انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ میں سالانہ محفل میلاد النبی ؐ کا انعقاد

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ فرٹیلائزر ریسرچ فیصل آباد میں پروقار سالانہ محفل میلاد النبی ؐ کا انعقاد کیا گیا۔

 روح پرور محفل کے لیے ادارے کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر نجف علی اعوان کی خصوصی ہدایت پر وسیع پیمانے پر انتظامات کیے گئے جن میں پورے کیمپس کو خوبصورت روشنیوں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا۔ اس بابرکت محفل کے مہمان خصوصی ملک کے ممتاز عالمِ دین اور مبلغ اسلام پیر اجمل رضا قادری تھے ،ان کے ہمراہ جامع مسجد کے خطیب اور اس عظیم الشان تقریب کے منتظم قاری محمد جاوید سیالوی بھی موجود تھے ۔ محفل کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کے بعد عالمی شہرت یافتہ نعت خواں اویس رضا قادری نے بارگاہِ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے نعت پیش کی جس نے سامعین کے دلوں کو گرما دیا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی پیر اجمل رضا قادری نے حاضرین سے خطاب کیا اور اپنی تقریر میں رسول اکرم ؐکی سیرتِ طیبہ اور آپ کے اخلاقِ حسنہ پر روشنی ڈالی اور حاضرین کو محبت ، رواداری اور اسلام کی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر ادارے کے طلبہ و ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں