ستھرا پنجاب پروگرام ، لاہور میں صفائی کے نئے ماڈل پر غور

ستھرا پنجاب پروگرام ، لاہور میں صفائی کے نئے ماڈل پر غور

لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے)وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس کے دوران ستھرا پنجاب پروگرام اور لاہور میں صفائی کے نئے ماڈل پر غور کیا گیا۔

 سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں اور ایڈیشنل سیکرٹری ماریہ طارق بھی شریک ہوئے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او بابر صاحب دین نے نئے ماڈل کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات نے کہا اس وقت لاہور کی ایک کروڑ 30 لاکھ آبادی اور شہر میں یومیہ 5500 ٹن کوڑا جمع ہوتا ہے ۔ صفائی کے نئے ماڈل کے تحت سو فیصد ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن یقینی بنائی جائے گی۔ اس ماڈل کو موثر بنانے کے لئے نئی مشینری اور درکار افرادی قوت کا تخمینہ بھی لگایا جائے ۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ گھروں سے کوڑا وصول کرنے کے ساتھ ہر علاقے کی ہفتے میں 3 بار سویپنگ بھی کی جائے گی۔ انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او سے کہا کوڑے میں سے ری سائیکل ہونے والی اشیا کو الگ کرنے کا بھی جائزہ لیں۔ صوبائی وزیر نے کہا لاہور کی گوالہ کالونیوں میں پیدا ہونے والے مویشیوں کے فضلے سے بائیو انرجی پیدا ہوسکتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی بائیوانرجی سے متعلق کمپنیوں سے رابطہ کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں