الائیڈ ہسپتال ٹو کی بھی اکلوتی سی ٹی سکین مشین پھر خراب

الائیڈ ہسپتال ٹو کی  بھی  اکلوتی  سی  ٹی  سکین  مشین  پھر  خراب

فیصل آباد(بلال احمد سے )الائیڈ ہسپتال ون کے ساتھ الائیڈ ہسپتال ٹو کی اکلوتی سٹی سکین مشین بھی جواب دے گئی ۔۔

انتظامیہ نے مشینوں کو زائد المعیاد قرار دیدیا ۔تفصیلات کے مطابق الائیڈ ہسپتال ون میں گزشتہ منگل سے جبکہ الائیڈ ہسپتال ٹو میں دو بار توقف کے بعد گزشتہ روز ایک بار پھر سی ٹی سکین مشین نے چلتے چلتے کام چھوڑ دیا۔ جس سے مریضوں کے لیے نئی مشکل کھڑی ہوگئی ۔ دماغ اور پیٹ سمیت مختلف امراض کی تشخیص کیلئے طویل انتظار کے بعد باری آنے کے باوجود مریضوں کو سرخ جھنڈی دیکھائی جا رہی ہے ۔ الائیڈ ہسپتال ون میں یومیہ تقریبا 150 جبکہ الائیڈ ہسپتال ٹو میں 50 سے 60 سی ٹی سکین ٹیسٹ کیے جاتے تھے مشینوں کی بندش کے باعث زیر التواء ٹیسٹوں کی تعداد 1 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی جبکہ انتہائی مجبوری کا شکار مریض 10 ہزار روپے تک کا مہنگا ٹیسٹ نجی لیبارٹریوں سے کروانے پر مجبور ہوگئے ۔علاوہ ازیں مختلف مقدمات کے دوران میڈیکولیگل میں بھی سی ٹی سکین کی ضرورت پیش آتی ہے تاہم موجودہ حالات میں ٹیسٹ نہ ہونے پر وہ سلسلہ بھی رک چکا اور کیسز کی تفتیش التواء کا شکار ہو رہی ہے ۔ اس حوالے سے شہریوں نے کہا ہے کہ ری ویمپنگ میں علاجگاہوں کی ظاہری چمک دھمک پر اربوں روپے خرچ کرنے سے بہتر تھا پہلے ضرورت کے مطابق طبی آلات کی فراہمی یقینی بنائی جاتی ۔ ذرائع کے مطابق مشینوں کی مرمت کی ٹھیکیدار فرم کے افراد روزانہ ہسپتال آتے ہیں لیکن مسئلہ حل کرنے میں ناکام ہیں ۔ الائیڈ ہسپتال ٹو کے ایم ایس ڈاکٹر ظفر اقبال کہتے ہیں کہ الائیڈ ہسپتال ون میں مشین کی خرابی کے باعث ٹیسٹوں کا بوجھ ان کی مشین پر پڑگیا جس کے باعث 2004 سے چلنے والی بوڑھی مشین نے کام سے جواب دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تیکنیکی خرابی دور کروا رہے ہیں جلد ہی مشین ٹھیک ہوجائے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں