چلڈرن ہسپتال ایم ایس آفس کا سٹینو گرافر سرکاری ٹھیکیداروں اور وینڈرز کو 2 کروڑ کا چونا لگا کر فرار

چلڈرن ہسپتال ایم ایس آفس کا سٹینو گرافر سرکاری  ٹھیکیداروں  اور وینڈرز کو 2 کروڑ کا چونا لگا کر فرار

فیصل آباد(بلال احمد سے )چلڈرن ہسپتال فیصل آباد میں انتظامیہ کی غفلت اور نااہلی کے باعث ایم ایس آفس کا سٹینوگرافر سرکاری ٹھیکیداروں سمیت متعدد افراد کو کروڑوں روپے کا چونا لگا کر فرار ہوگیا۔

ملزم نے مبینہ طور پر ایکسرے فلمز، ادویات اور دیگر اخراجات کے مد میں ایم آفس کا نمبر اور مہر استعمال کرتے ہوئے 2 کروڑ سے زائد رقم وصول کی۔ ڈونیشن فنڈز میں سے واپسی کی یقین دہانی اور منافع کا جھانسہ دیا اور کسی کو بتائے بغیر تمام رابطے ختم کرنے کے بعد غائب ہوگیا۔گریڈ 15کے سٹینوگرافرعرفان کاہلوں نے سرکاری ٹھیکیداروں سمیت مختلف وینڈرز کو ایم ایس آفس اور ہسپتال کی دیگر سرکاری نمبروں سے کالز کرتا رہا۔ ملزم نے 20 سے زائد افراد سے روابط کے بعد ایکسرے فلمز اور ہسپتال کے لیے دیگر سامان فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔سرکاری علاجگاہ میں فراڈ سے متعلق انتظامیہ نے لاتعلقی ظاہر کردی جس پر متاثرین نے تحریری طور پر ایم ایس کے نام درخواستیں بھی جمع کروا دی ہیں انہوں نے سیکرٹری ہیلتھ کیئر اور صوبائی وزیر سے معاملے کا نوٹس لینے اور کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ،ایم ایس ڈاکٹر ثاقب منیر کی جانب سے چھان بین کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں ایسوسی ایٹ پروفیسرڈاکٹر زاہد محمود انجم،ڈاکٹر محمد توصیف عمر اورمحمد کاظم کو تحقیقات کے بعد دو روز میں رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ نقصان پورا نہ کیا گیا تو وہ انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کا راستہ اختیار کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں