ڈپٹی کمشنرچنیوٹ کاگورنمنٹ ہائی سکول رشیدہ کا اچانک دورہ
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنرچنیوٹ صفی اﷲگوندل نے گورنمنٹ ہائی سکول رشیدہ کا اچانک دورہ کیا اور اساتذہ کی حاضری ،طلباء کے تعلیمی سیشن سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا۔۔۔
ڈپٹی کمشنر نے مختلف کلاس رومز میں جا کر طلباء سے انکی تعلیم کے حوالے سے سوالات بھی کئے ،ڈپٹی کمشنر نے ہیڈ ٹیچرسمیت دیگر اساتذہ کو طلباء کی پڑھائی پر توجہ نہ دینے ، سکول کی ابتر صورتحال ،کمپیوٹر لیب و ریکارڈ درست نہ رکھنے پر سرزنش کی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری محمد عبدالجلیل کو انکی جواب طلبی کے احکامات جاری کئے ، ڈپٹی کمشنر نے سکول مینجمنٹ کو ایک ماہ میں ادارہ کے تمام امور میں بہتری لانے کی ڈیڈ لائن دیدی۔ ڈپٹی کمشنر صفی اﷲگوندل کا کہنا ہے کہ ضلع کے تمام ہیڈ ٹیچرز سکولوں کی بہتری و بحالی کیلئے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں ،سکولوں میں پینے کے پانی ، روشنی کے مناسب انتظام ، صفائی ستھرائی ، کمپیوٹر لیب میں تمام کمپیوٹرز کو فنگشنل رکھیں ۔ سکولوں میں درپیش ایشوز تحریری طور پر اپنے آفیسران کو بھجوائیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے جملہ ایجوکیشن آفیسران کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ جس بھی سکول کا وزٹ کریں لاگ بک ضرور لکھیں ۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر صفی اﷲگوندل نے بنیادی مرکز صحت متھرومہ کا بھی دورہ کیا اور ڈاکٹرز و عملہ کی حاضری ، ادویات کی دستیابی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا ۔ انچارج مرکز صحت کی جانب سے BHUکو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے گزارشات پیش کی گئیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی۔