فیصل آباد میں میٹر و بس سروس شروع ہونے کی توقع
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)فیصل آباد میں میٹرو بس سروس شروع ہونے کی امید جاگ اٹھی ،روزنامہ دنیا کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے منصوبے کی پیشرفت سامنے آگئی ،ایشائی ترقیاتی بنک کے وفد نے فیصل آباد کا دورہ کیا۔۔
وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر سابق ممبران اسمبلی اور ڈی جی ایف ڈی اے نے کاغذی کارروائی آگے بڑھائی۔ تفصیلات کے مطابق روزنامہ دنیا نے خبر میں نشاندہی کی کہ اسی لاکھ سے زائد آبادی والے صنعتی شہر کا ٹیکس نیٹ میں اہم حصہ ہونے کے باوجود شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کا کوئی منصوبہ نہیں بن سکا، 2015 میں میٹرو بس کی فزیبیلٹی بنائی گئی مگر کام نہ ہوسکا، فروری 2024 کے الیکشن سے پہلے نواز شریف نے بھی فیصل آباد کے لیے میٹرو کا اعلان کیا مگر منصوبہ شروع نہ کیا گیا شہر میں فیکٹریاں،صنعتی یونٹس،بڑی کمپنیاں اور فیڈمک ہونے کی وجہ سے دیگر اضلاع سے بھی لاکھوں افراد مزدوری کرنے آتے ہیں ،مقامی افراد اور پردیسیوں کی مجموعی آبادی تقریبا ایک کروڑ ہے لاکھوں افراد روزانہ پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود فیصل آباد کو میٹرو سپیڈو یا کسی اور معیاری پبلک ٹرانسپورٹ سروس سے محروم رکھا گیا ، سال 2015 میں میٹرو بس سروس کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کی گئی مگر منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا اور شروع ہونے سے پہلے ہی ٹھپ ہوگیا ۔ ذرائع کے مطابق فزیبلٹی رپورٹ بننے کے بعد سابق حکمران جماعت اور اپوزیشن میں ٹھن گئی تھی جس کے باعث منصوبے پر مزید پیشرفت نہ ہوسکی ۔2024 کے عام انتخابات سے پہلے الیکشن مہم کے سلسلے میں مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں فیصل آباد کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا اعلان کیا لیکن یہ خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا جس کے بعد میٹرو منصوبے پر پیشرفت سامنے آئی، ایشائی ترقیاتی بنک کا وفد فیصل آباد پہنچا، ڈی جی ایف ڈی اے نے ایشیائی ترقیاتی بنک کی کنسلٹینٹ ہما ڈاہا کو بریفنگز دیتے ہوئے بتایا کہ میٹرو روٹس سے تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، کچہری،کاروباری ، کمرشل مارکیٹس و دیگر اہم مقامات کو منسلک کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔