الائیڈ ہسپتال ٹو میں فارمیسی سے مریضوں کو تجویز کردہ دواؤں کے برعکس ادویات دینے کا انکشاف
فیصل آباد(بلال احمد سے )الائیڈ ہسپتال ٹو میں او پی ڈی کی فارمیسی سے مریضوں کو ڈاکٹرز کی تجویز کردہ دواؤں کے برعکس غلط ادویات دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔
کمیشن بٹورنے کیلئے ڈاکٹرز بھی ہسپتال میں دستیاب مفت دواؤں کے بجائے فارما سیوٹیکل کمپنیوں کی ادویات باہر سے خریدنے کیلئے تجویز کرنے میں مصروف ہیں۔ او پی ڈی سے مریض پرچی لیکر ہسپتال کی فارمیسی سے مفت دوائیں لینے جاتے ہیں جہاں عملہ میں شامل ڈسپنر انہیں تجویز کردہ دواؤں کے برعکس غیر ضروری دوائیں دے رہے ہیں۔ ہڈی جوڑ کے پی جی آر ڈاکٹر اجمل کی جانب سے مریض کو باہر کی دوائیں زیگیب، سم جیسک اور جینکوکس لکھ کر دی گئیں جن کے بدلے میں فارمیسی سے مریض کو پیناڈول، اومیگا اور سپروفلاکساسن تھما دی گئیں۔ مریضوں سے مذاق میں چیف فارمیسی ٹیکنیشن رحمت علی بھی شریک ہیں ۔اورہسپتال کے کئی ڈاکٹرز بھی صورتحال کی خرابی میں حصہ ڈال رہے ہیں جوحکومت کی جانب سے فراہم کردہ مفت دواؤں کو کم اثر قرار دیکر مریضوں کو فارما سیوٹیکل کمپنیوں کی مہنگی ادویات لکھ کر دے دیتے ہیں جس پر انہیں کمیشن ملتا ہے ۔ ایم ایس ڈاکٹر ظفر اقبال کا کہنا ہے ہسپتال میں حکومت کی فراہم کردہ 120 دوائیں موجود ہیں۔ باہر کی دوائیں لکھنے کی اجازت نہیں ۔غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کیخلاف ہو گی۔مریضوں کی جانب سے وائس چانسلرڈاکٹر ظفر چودھری اور سیکرٹری ہیلتھ کیئر سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔